فلم اداکار گووندا فائرنگ میں زخمی

ممبئی ۔ بالی وڈ اداکار گووندا بندوق کی گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہو گئے۔ فوری طور پر ملی اطلاعات کے مطابق آج صبح کی اولین ساعتوں میں وہ اپنے گھر میں اپنی ریوالور صاف کر رہے تھے کہ حادثاتی طور پر گولی چل گئی
اور ان کے پیر زخمی ہوگئے، انہیں فوری طور پر علاج کے لیے خانگی ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں، معلوم ہوا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت گووندا گھر پر اکیلے تھے وہ باہر جانے کی تیاری کر رہے تھے اور اپنی لائسنس ریوالور کو صاف کر رہے تھے تب ہی اچانک غلطی سے گولی چل گئی اور وہ زخمی ہو گئے۔بتایا جا رہا ہے کہ گوئندہ نے پاس میں ہی رہنے والے اپنے رشتہ داروں کو فون پر اس بات کی اطلاع دی وہ وہاں پہنچے اور انہیں ہاسپٹل منتقل کیا۔
ذرائع کے مطابق 60 سالہ اداکار گووندا کو ریوالور صاف کرنے کے دوران مس فائر کی وجہ سے گولی لگی۔ ممبئی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ان کا ریوالور قبضے میں لے کر معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ سینئر پولیس آفیسر پرمجیت سنگھ نے کہا ہے کہ جس بندوق سے گولی چلی وہ لائسنس یافتہ ہے۔گولی لگنے سے ان کے پیر سے کافی خون بہہ گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی حالت تشویشناک ہو گئی تھی۔ فی الحال انہیں علاج کے لیے اندھیری کے کریتی کیئر ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ہے۔ ہاسپٹل کے ذرائع کے مطابق ابتدائی علاج کے بعد گووندا اب خطرے سے باہر ہیں۔ ان کی بیوی سنیتا اس وقت ہاسپٹل میں ان کے ساتھ موجود ہیں۔
گووندا نے کئی فلموں میں کام کیا ہے جن میں کولی نمبر 1، ہیرو نمبر 1، راجہ بابو، چھوٹے سرکار، حد کر دی آپ نے شامل ہیں۔ گووندا گزشتہ 5 سال سے فلموں سے دور ہیں ان کی آخری ریلیز فلم 2019 کی رنگیلا راجہ ہے۔