اب ٹرینوں میں لگیں گے اے ٹی ایم مشین

ٹرین میں اے ٹی ایم۔ پنچوتی ایکسپریس میں انوکھا تجربہ شروع، مسافروں کو ہوگی بڑی سہولت
نئی دہلی۔ اب ٹرینوں میں سفر کے دوران بھی نقد رقم نکالنا ممکن ہو گا جی ہاں ہندوستانی ریلوے نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ٹرینوں میں اے ٹی ایم مشینیں نصب کرنے کا تجربہ شروع کر دیا ہے۔ اس سہولت کا آغاز ممبئی۔منماڑ پنچوتی ایکسپریس سے ہو چکا ہے جو ملک کی پہلی ایسی ٹرین بن گئی ہے جس میں اے ٹی ایم کی سہولت دستیاب ہے۔
اب تک مسافروں کو ٹرینوں میں آرام دہ نشستیں، موبائل چارجنگ اور لیمپ جیسی سہولیات تو میسر تھیں لیکن نقد رقم نکالنے کے لیے اسٹیشن پر اترنا ضروری ہوتا تھا۔ ریلوے کے اس نئے تجربے سے یہ مشکل بھی ختم ہونے جا رہی ہے۔
سنٹرل ریلوے کے مطابق، پنچوتی ایکسپریس کے ایمرجنسی چیئر کار کوچ میں ایک خانگی بینک کی جانب سے اے ٹی ایم مشین نصب کی گئی ہے۔ اس کوچ میں ضروری ترمیمات منماڑ ریلوے ورکشاپ میں مکمل کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جلد ہی یہ اے ٹی ایم مسافروں کے استعمال کے لیے دستیاب کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پنچوتی ایکسپریس روزانہ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس اور ناسک کے منماڑ جنکشن کے درمیان چلتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو دیگر ٹرینوں میں بھی اس سہولت کو توسیع دی جائے گی۔