نیشنل

معروف صحافی و نیشنل ہیرالڈ کے چیف ایڈیٹر جناب ظفر آغا کا انتقال

نئی دہلی _ ہندوستان کے معروف صحافی و نیشنل ہیرالڈ کے چیف ایڈیٹر جناب ظفر آغا کا انتقال ہوگیا۔ وہ 70 برس کے تھے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق جناب ظفر آغا کو طبیعت ناساز ہونے کے بعد دہلی ایمس کے ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں سے انہیں دہلی کے ہی فورٹس اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ جمعہ کی علی الصبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے ظفر آغا کو دل کا دورہ پڑا اور اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ ظفر آغا کی تدفین دہلی کے قبرستان شاہ مرداں میں کی جائے گی۔

ظفر آغا نے 1979 میں لنک میگزین سے بطور صحافی اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور 45 سال سے زائد عرصے تک اس پیشے میں سرگرم رہے۔اس دوران انہوں نے پیٹریاٹ اینڈ دی بزنس اینڈ پولیٹیکل آبزرور کے ساتھ، انڈیا ٹوڈے کے ساتھ بطور سیاسی ایڈیٹر، اور ای ٹی وی اور روزنامہ انقلاب میں کام کیا۔

ان کا آخری دور نیشنل ہیرالڈ گروپ کے ساتھ تھا، پہلے قومی آواز کے ایڈیٹر اور بعد میں نیشنل ہیرالڈ کے ایڈیٹر انچیف کے طور پر خدمات انجام دی۔ اس کے علاوہ ان کا ملک کے کئی اخبارات بشمول روزنامہ سیاست میں ہر اتوار کو مضمون شائع ہوتا تھا

 

انہوں نے 2017 تک قومی کمیشن برائے اقلیتی تعلیمی اداروں کے ممبر اور بعد میں باضابطہ چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button