تلنگانہ

احاطہ اسمبلی میں جیوتی راﺅ پھولے کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائی جائے : کویتا

حیدرآباد۔21/جنوری (پریس نوٹ ) بھارت جاگروتی کی بانی و رکن قانون سازکونسل بی آر ایس کے کویتا نے اسپیکر قانون ساز اسمبلی تلنگانہ گڈم پرساد کمار پر زور دیاکہ وہ تلنگانہ اسمبلی کے احاطہ ‌‌میں جیوتی راﺅ پھولے کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائیں۔کویتا نے بھارت جاگروتی کی جانب سے آج نیو ایم ایل اے کوارٹرس میں اسپیکر اسمبلی پرساد کمار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اس سلسلہ میں نمائندگی پیش کی

 

۔کویتا نے اپنی نمائندگی میں بتایاکہ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں بھارت جاگروتی کی پہل پر احاطہ اسمبلی میں اس وقت کی ریاستی حکومت نے ڈاکٹر بی آرامبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب عمل میں لائی تھی۔انہوں نے کہاکہ جذبہ مساوات کے علمبردار جیوتی راﺅ پھولے کے مجسمہ کی بھی احاطہ اسمبلی میں تنصیب عمل میں لائی جائے۔بھارت جاگروتی کی بانی کویتا نے کہاکہ جیوتی راﺅ پھولے کو جدید ہندوستان میں تحریکات کی بحالی کاروح رواں متصور کیا جاتاہے۔جیوتی راﺅ پھولے نے سماجی مساوات کی وکالت کی اور پسماندہ طبقات کے علاوہ خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک کے خاتمہ میں اہم کردار اداکیا۔جیوتی راﺅ پھولے کے کام سے متاثر ہوکر ڈاکٹر بی آرامبیڈکر نے انہیں اپنا سرپرست قرار دیاتھا۔ کویتا نے کہاکہ قانونی اداروں میں ایسی بصیرت افروز شخصیات کے مجسمے ہمیں ان کے جمہوری اقدار اور نظریات متواتریاد دلاتے رہیںگے۔

 

کویتا نے ادعا کیاکہ خود مختار مستقبل کی طرف تلنگانہ کے سفر کے درمیان جیوتی راﺅ پھولے کے مجسمے کی تنصیب جمہوریت کی روح کو مزید تقویت دے سکتی ہے۔کویتا نے اسپیکر پرساد کمار سے اس سلسلہ میں ضروری اقدامات روبہ عمل لانے کی خواہش کی اورکہاکہ یہ اقدام مختلف سماجی تنظیموں اور پسماندہ طبقات کی دیرینہ خواہش کے مطابق رہے گا۔کویتا نے پرساد کمار سے کہاکہ وہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے فرد کے طورپر اس معاملہ میں قائدانہ کردار ادا کریں اور ریاستی حکومت کو ضروری اقدامات کےلئے توجہ دلائیں

 

۔بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کویتا نے اس توقع کا اظہار کیاکہ ریاستی حکومت اس معاملہ میں ضرور مثبت فیصلہ کرے گی اور 11اپریل کو جیوتی راﺅ پھولے کی یوم پیدائش سے قبل مجسمہ کی تنصیب کو یقینی بنائے گی۔انہوںنے کانگریس حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ بی سیز کومجالس مقامی اداروں میں 42فیصد تحفظات پر عمل آوری کےلئے اپنے انتخابی وعدے کو عملی جامہ پہنائے ۔قانون سازی کے ذریعہ مختلف بہتر مواقع کی فراہمی کے ذریعہ پسماندہ طبقات کے ساتھ انصاف کویقینی بنایا جائے جوکہ ملک کی آبادی کا سب سے بڑا حصہ ہے۔کویتا نے اعلان کیاکہ تب تک بھارت جاگروتی فاﺅنڈیشن اس معاملہ میں عوام میں شعور بیداری کےلئے مختلف پروگرامس کا انعقاد عمل میں لائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button