خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ کی رونقیں، جامع عمر الرواس مسجد میں ہندوستانی برادری کی شرکت

سعودی عرب سمیت مختلف خلیجی ممالک میں بروز چہارشنبہ عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور روحانی ماحول کے درمیان منائی گئی۔ اس موقع پر مساجد، عیدگاہوں اور اسلامی مراکز میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں فرزندانِ توحید نے سنتِ ابراہیمیؑ کی یاد تازہ کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا۔
اسی سلسلہ میں جامع عمر الرواس مسجد میں نمازِ عید کا روح پرور منظر دیکھنے میں آیا، جہاں صبح سویرے ہی نمازیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی تھی۔ مسجد کے اندر اور اطراف تک نمازیوں کی صفیں بچھ گئیں جبکہ خطبۂ عید میں اخوت، قربانی، ایثار اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کا پیغام دیا گیا۔
اس موقع پر ہندوستانی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی نمازِ عید ادا کی۔ نماز کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی اور عالمِ اسلام میں امن، خوشحالی اور بھائی چارہ کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر مختلف مقامات پر قربانی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا، جبکہ سماجی و فلاحی تنظیموں کی جانب سے غریب اور ضرورت مند افراد میں گوشت تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا۔ خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانی برادری نے بھی عید کو نہایت عقیدت اور روایتی انداز میں منایا۔



