ہریش کمار گپتا آندھرا پردیش کے مستقل ڈی جی پی مقرر

حیدرآباد ۔آندھرا پردیش حکومت نے موجودہ انچارج ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) ہریش کمار گپتا کو ریاست کا مستقل ڈی جی پی مقرر کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں باقاعدہ سرکاری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں وہ آئندہ دو برسوں تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
ہریش کمار گپتا 1992 بیاچ کے آئی پی ایس افسر ہیں اور ان کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے۔ ان کی پہلی تعیناتی کھمم ضلع میں اے ایس پی کے طور پر ہوئی تھی۔ اس کے بعد وہ میدک اور پداپلی اضلاع میں بھی اے ایس پی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کرشنا اور نلگنڈہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اور حیدرآباد ساؤتھ زون کے ڈی سی پی کے طور پر بھی اہم ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
وہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے چیئرمین اور ریلوے پولیس کے ڈی جی جیسے اہم عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں۔ سابق ڈی جی پی دوارکا ترومل راؤ کے 31 جنوری کو ریٹائر ہونے کے بعد حکومت نے ہریش کمار گپتا کو انچارج ڈی جی پی مقرر کیا تھا اور اب انہیں مستقل طور پر یہ ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔