ہندوستان کے بی جے پی لیڈر کے بیٹے کی پاکستانی لڑکی سے آن لائن شادی

نئی دہلی: اتر پردیش کے جونپور ضلع میں بی جے پی کے کونسلر تحسین شاہد کے بڑے بیٹے محمد عباس حیدر نے پاکستانی لڑکی سے ‘آن لائن نکاح’ کیا۔ یہ شادی لاہور میں طے تھی لیکن ویزا نہ ملنے کے باعث دونوں نے آن لائن نکاح کا منفرد فیصلہ کیا۔
تحسین شاہد نے اپنے بیٹے کی شادی کے لیے لاہور کی رہائشی لڑکی، عندلیپ زہرہ کا انتخاب کیا تھا۔ تاہم دولہے کو ویزا نہیں مل سکا۔اس دوران دلہن کی والدہ رانا یاسمین زیدی کی طبیعت خراب ہوگئی اور انہیں پاکستان میں آئی سی یو میں شریک کروایا گیا جس کی وجہ سے حالات مزید بگڑ گئے۔ ان مشکلات کے پیش نظر شاہد نے آن لائن نکاح کرنے کا فیصلہ کیا۔جمعہ کی رات شاہد باراتیوں کے ساتھ ایک امام باڑے میں جمع ہوئے جہاں آن لائن نکاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ دلہن کے رشتہ دار لاہور میں موجود رہے اور تقریب میں شامل ہوئے۔
حیدر نے امید ظاہر کی کہ اس کی اہلیہ کو جلد ہی بغیر کسی مشکل کے ہندوستانی ویزا مل جائے گا۔ اس منفرد تقریب میں ایم ایل سی برجیش سنگھ پرشو اور دیگر قائدین بھی شریک ہوئے اور دولہے اور ان کے ارکان خاندان کو مبارکباد پیش کی۔