گوشت کھانے والی کم وزن خواتین کے 100 سال تک زندہ رہنے کے امکانات 44 فیصد زیادہ
چین: عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ سبزی خور افراد زیادہ عرصے تک زندہ رہتے ہیں، تاہم چین میں کی گئی ایک نئی تحقیق میں اس تصور کے برعکس نتائج سامنے آئے ہیں۔ تحقیق کے مطابق 80 سال سے زائد عمر کے افراد میں سبزی خوروں کے مقابلے میں گوشت سمیت مختلف غذائیں کھانے والے افراد کے 100 سال کی عمر تک پہنچنے کے امکانات زیادہ پائے گئے، خصوصاً ان افراد میں جن کا وزن معمول سے کم تھا۔
یہ تحقیق ’دی امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن‘ کے فروری 2026 کے شمارے میں شائع ہوئی۔ چینی لانگیٹیوڈینل ہیلتھی لانگیویٹی سروے کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کی گئی اس تحقیق میں 80 سال یا اس سے زائد عمر کے 5,203 افراد کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں 1,459 افراد سو سال کی عمر تک پہنچے، جبکہ 3,744 افراد اس عمر تک پہنچنے سے پہلے انتقال کرگئے۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق سبزی خور افراد میں گوشت سمیت مختلف غذائیں کھانے والوں کے مقابلے میں سو سال کی عمر تک پہنچنے کے امکانات تقریباً 19 فیصد کم پائے گئے۔ تاہم یہ تعلق خاص طور پر کم وزن والے افراد میں نمایاں تھا۔ ایسے افراد میں سبزی خور غذا اختیار کرنے والوں کے سو سال تک زندہ رہنے کے امکانات گوشت خور افراد کے مقابلے میں کم پائے گئے، جبکہ معمول یا زیادہ وزن والے افراد میں یہ فرق واضح نہیں تھا۔
ماہرین کے مطابق بڑھتی عمر میں جسم کو مناسب مقدار میں توانائی، پروٹین اور دیگر ضروری غذائی اجزا کی فراہمی اہم ہوتی ہے۔ کم وزن اور غذائی کمی کا شکار معمر افراد کے لیے متوازن غذا خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ تحقیق کے نتائج اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ طویل عمر کے لیے صرف سبزی خور یا گوشت خور ہونے کے بجائے غذا کے معیار اور جسم کی غذائی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔
تاہم محققین نے یہ ثابت نہیں کیا کہ گوشت کھانے سے عمر لازماً بڑھتی ہے۔ یہ تحقیق چین کے 80 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر مبنی تھی، اس لیے اس کے نتائج کو تمام عمر کے لوگوں یا دیگر ممالک کی آبادی پر براہِ راست لاگو نہیں کیا جاسکتا۔ صحت مند زندگی کے لیے متوازن غذا، مناسب غذائیت اور مجموعی طرزِ زندگی کی اہمیت برقرار رہتی ہے۔




