تلنگانہ

17سالہ لڑکے کے جسم میں رحم کی موجودگی کا انکشاف، ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کیا – تلنگانہ کے وقارآباد ضلع میں واقعہ

تلنگانہ کے ضلع وقارآباد کے پرگی میں طب کی دنیا کا ایک انتہائی نادر اور حیرت انگیز معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں 17 سالہ لڑکے کے جسم میں خواتین کے تولیدی نظام کا اہم عضو رحم موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔ پرگی کے ایک خانگی ملٹی اسپیشالیٹی اسپتال کے ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے ذریعہ اس کا علاج کیا۔

 

تفصیلات کے مطابق پرگی میونسپل حدود کے موضع ملکاپور سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ لڑکا پیٹ میں درد اور دائیں جانب خصیے کی تھیلی میں سوجن کی شکایت کے ساتھ چھترجی ملٹی اسپیشالیٹی اسپتال سے رجوع ہوا۔ بتایا گیا کہ لڑکے کی عمر 10 سال تھی، اس وقت خصیہ جسم کے اندر ہونے کے مسئلہ پر آپریشن کیا گیا تھا، تاہم اس دوران خصیہ کی نشاندہی نہیں ہوسکی تھی۔

 

موجودہ معائنے اور مزید گہرائی سے کئے گئے جراحی عمل کے دوران ڈاکٹروں کو لڑکے کے جسم میں رحم جیسا زنانہ تولیدی عضو موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔ ڈاکٹروں کے شبہ کے مطابق یہ ایک انتہائی نادر طبی کیفیت ہے، جسے پرسسٹنٹ ملیرین ڈکٹ سنڈروم (پی ایم ڈی ایس) کہا جاتا ہے۔ اس کیفیت میں مردانہ جسمانی خصوصیات رکھنے والے شخص کے جسم کے اندر رحم اور دیگر زنانہ تولیدی اعضا بھی موجود ہوسکتے ہیں۔

 

ڈاکٹروں نے انتہائی احتیاط کے ساتھ آپریشن انجام دیا جو کامیاب رہا۔ اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق لڑکے کی صحت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہورہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button