نیشنل

جیل کی تنہائی نے توڑ دیا، بیٹے سے جدائی نے رُلایا – اعظم خان نے سنائی پارٹی قائدین کو قید و بند کی دردناک داستان

پانچ سال سے زائد جیل کی تنہائی نے دل، دماغ اور جسم کو کمزور کردیا، اعظم خان کی درد بھری داستان، بیٹے سے جدائی اور جیل کے کٹھن دنوں کا تذکرہ

 

لکھنؤ، 26 نومبر ( اردو لیکس ڈیسک) سماج وادی پارٹی کے سینئر قائد اعظم خان نے پارٹی کے انتخابی منشور کی اجرائی تقریب میں اپنی جیل کی زندگی کے تلخ تجربات بیان کرتے ہوئے کئی مرتبہ جذباتی ہوگئے۔ اترپردیش اسمبلی انتخابات 2027 کے لئے پارٹی کے منشور کی اجرائی کے موقع پر پارٹی صدر اکھلیش یادو کی موجودگی میں خطاب کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ جیل کی پانچ سال سے زائد طویل تنہائی نے ان کے دل، دماغ اور جسم کو کمزور کردیا ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی سفر، اہل خانہ کو پیش آنے والی مشکلات اور جیل میں گزارے گئے کٹھن ایام کا ذکر کیا۔

 

انہوں نے حاضرین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر گفتگو کے دوران ان سے کوئی غلطی ہوجائے تو انہیں معاف کردیا جائے، کیونکہ جیل کی کوٹھری میں گزاری گئی تنہائی کے برسوں نے انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر متاثر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ، ان کا بیٹا اور بیٹی عام لوگ ہوتے تو شاید ان حالات کو برداشت نہ کرپاتے، لیکن انہوں نے عزم کرلیا تھا کہ زندگی کی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

 

اعظم خان نے مزید کہا کہ انہوں نے تقریباً 50 سالہ سیاسی سفر سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو (نیتا جی) کے ساتھ گزارا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ ایک ہی سیاسی خاندان اور ایک ہی قیادت کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے گزارا اور اپنی آنے والی نسل کو بھی اسی سیاسی سفر کے حوالے کردیا۔

بیٹے سے جدائی کا درد، انکاؤنٹر کا خدشہ

اعظم خان نے جیل کے ایک انتہائی تکلیف دہ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک مرتبہ رات تقریباً ساڑھے تین بجے جیلر نے انہیں بیدار کرکے اطلاع دی کہ ان کا تبادلہ کیا جارہا ہے۔ اس دوران انہیں اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو الگ الگ کھڑا کیا گیا اور دونوں کو مختلف گاڑیوں میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق اس وقت انہیں خدشہ محسوس ہوا کہ شاید انہیں اور ان کے بیٹے کو انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا جائے گا۔

 

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حکام سے درخواست کی کہ انہیں بیٹے کے ساتھ ایک ہی گاڑی میں لے جایا جائے، لیکن ان کی درخواست قبول نہیں کی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے بیٹے سے کہا کہ شاید اب ان کی دوبارہ ملاقات نہ ہو، اگر اس دنیا میں ملاقات نہیں ہوئی تو آخرت میں ضرور ہوگی۔ اعظم خان نے کہا کہ جب تک انہیں یہ معلوم نہیں ہوا کہ ان کے بیٹے کو کس جیل میں منتقل کیا گیا ہے، اس وقت تک وہ شدید اذیت میں مبتلا رہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی کا سب سے تکلیف دہ لمحہ وہ تھا جب انہیں اپنے اس بیٹے کو جیل میں دیکھنا پڑا جسے وہ بے قصور سمجھتے ہیں۔ ان کے بقول ایک باپ کے لئے اس سے بڑا صدمہ کیا ہوسکتا ہے۔

اکھلیش یادو کے لئے بھی چھ ماہ جیل میں رہنے کی خواہش

اعظم خان نے ایک غیر معمولی بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں قیام کے دوران وہ اکثر اپنے بیٹے عبداللہ اور دیگر قیدیوں سے کہا کرتے تھے کہ ان کے دل میں خواہش ہوتی تھی کہ اکھلیش یادو بھی کم از کم چھ ماہ جیل میں گزاریں تاکہ انہیں معلوم ہوسکے کہ جیل میں دن اور رات کس طرح گزرتے ہیں اور قیدی کن ذہنی و جذباتی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں۔

 

اس پر سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بعد میں ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اعظم خان ان کی پارٹی اور خاندان کا حصہ ہیں اور وہ وقتاً فوقتاً ان کے درد کو محسوس کرتے رہے ہیں۔

منشور کو امید کی نئی روشنی قرار دیا

اعظم خان نے سماج وادی پارٹی کے انتخابی منشور کو محض وعدوں کی دستاویز قرار دینے کے بجائے اسے ایک جامع سیاسی تصور بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اس منشور کو ایسی روشنی بننا چاہئے جو لوگوں کے دلوں سے مایوسی اور خوف کے اندھیروں کو دور کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ طاقتور سیاسی قوتیں کمزور طبقات کو نشانہ بنا رہی ہیں اور جمہوری نظام کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ منشور میں درج نکات ہی تک محدود رہنے کی ضرورت نہیں، بلکہ حالات اور ضرورت کے مطابق مزید اقدامات بھی کئے جاسکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس کا مقصد مستقبل میں کسی بھی خاندان کو ایسی تکالیف سے محفوظ رکھنا ہونا چاہئے جن سے ان کا خاندان گزرا ہے۔

 

اس موقع پر اعظم خان نے اکھلیش یادو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوبارہ اترپردیش کے چیف منسٹر بنیں گے اور مستقبل میں اس سے بھی بڑے مقام تک پہنچ سکتے ہیں۔ تقریب میں رام گوپال یادو، شیوپال یادو اور دیگر سینئر قائدین بھی موجود تھے۔ سماج وادی پارٹی نے 2027 کے اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے اپنا منشور ’’ستائیس کا سنکلپ، پی ڈی اے کا عہد‘‘ کے عنوان سے جاری کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button