پہلے تو سلمان خان نشانے پر تھے – سخت سکیورٹی دیکھ کر ٹائیگر شراف پر فائرنگ ؛ ادکار پر فائرنگ واقعہ کا نیا انکشاف

ٹائیگر شراف پر فائرنگ کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا، ملزمین کا پہلے سلمان خان کو نشانہ بنانے کا انکشاف
ممبئی: بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف پر فائرنگ کے معاملے میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے۔ قومی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، ملزمین نے پولیس کو بتایا کہ وہ پہلے اداکار سلمان خان کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ اس معاملے میں پولیس نے ہریانہ کے دو شوٹرس اور بہار کے ایک شوٹر کو راجستھان میں گرفتار کرکے ممبئی منتقل کیا ہے۔ اس کے علاوہ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی دو خواتین اور دو مردوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ شبہ ہے کہ انہوں نے شوٹرس کو اسلحہ فراہم کیا تھا۔ دورانِ تفتیش ملزمین کی جانب سے کنال نامی شخص کا ذکر کئے جانے پر پولیس نے اسے بھی حراست میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، تینوں شوٹرس نے پہلے سلمان خان کے گھر کی ریکی کی تھی، لیکن وہاں سخت پولیس بندوبست دیکھ کر اپنا ارادہ بدل دیا۔ اس کے بعد آسان ہدف کی تلاش کے دوران ان کی نظر ٹائیگر شراف پر پڑی۔ بتایا گیا کہ انہوں نے مداحوں کے فیس بک پیج کے ذریعے معلوم کیا کہ ٹائیگر شراف ہر اتوار جوہو علاقے کے فٹ بال گراؤنڈ آتے ہیں۔ وہاں سکیورٹی کے نسبتاً کم انتظامات کا اندازہ لگانے کے بعد انہوں نے اتوار کی شام انہیں نشانہ بنایا۔
لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ انیل پنڈت اور ہرمن سندھو نے ٹائیگر شراف پر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے والے تمام افراد ان کے نشانے پر ہیں۔ ملزمین نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے پہلے فون کرکے ٹائیگر شراف کو خبردار کیا تھا، لیکن ان کی بات نہیں مانی گئی، جس کے بعد دوبارہ اپنا پیغام پہنچانے کے لئے فائرنگ کی گئی۔



