مہاراشٹرا میں سیکس ریاکٹ کا ملزم ایان احمد کے مکان پر چلا بلڈوزر

مہاراشٹر کے امراوتی ضلع میں جنسی استحصال اور بلیک میلنگ کے ایک سنگین سائبر کیس میں پولیس اور بلدیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 19 سالہ ملزم ایان احمد تنویر احمد کی رہائش گاہ کے کچھ حصوں کو مسمار کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی پیشگی نوٹس کے بعد کی گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کو منگل کے روز گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت نے اسے 21 اپریل تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے کم عمر لڑکیوں کو بہلا پھسلا کر مبینہ طور پر غیر مناسب مواد ریکارڈ کیا اور بعد ازاں انہیں بلیک میل اور دھمکیاں دیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سوشل میڈیا پر تقریباً 100 قابلِ اعتراض ویڈیوز سامنے آئیں، جس کے بعد فوری سائبر نگرانی اور ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی۔ اب تک کم از کم 8 متاثرہ افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جبکہ ان کی شناخت کو خفیہ رکھتے ہوئے تفتیش جاری ہے۔
امراوتی رورل ایس پی وشال آنند سنگھوری نے بتایا کہ ملزم کے خلاف پوکسو ایکٹ اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ تفتیش کے دوران موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک اور مشتبہ شخص سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔ اب تک 18 ویڈیوز اور 39 تصاویر کی نشاندہی کی گئی ہے۔
پولیس اور مہاراشٹر سائبر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تمام وائرل مواد کو ہٹانے اور اسے پھیلانے والوں کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔
ادھر سیاسی قایدین نے اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (SIT) کے ذریعے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اور کہا ہے کہ اس میں ایک منظم آن لائن نیٹ ورک ملوث ہو سکتا ہے۔



