تلنگانہ اسمبلی میں اہم موضوع پر خطاب کے دوران بی جے پی کے ارکان خراٹے لیتے ہوئے سوگئے

تلنگانہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے دوران ہفتہ کے روز اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب وزیرِ آبپاشی اُتم کمار ریڈی ابپاشی پراجکٹس سے متعلق پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کر رہے تھے۔ اجلاس کے دوران بی جے پی کے ارکانِ اسمبلی پی ہریش بابو ؛ راما راو پٹیل اور دھن پال سوریہ نارائنا ایوان میں ہی سو گئے،
اسمبلی کی کارروائی کے دوران پیش آئے اس منظر کی تصاویر چند ہی لمحوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بی جے پی ارکان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
جبکہ کانگریس قائدین نے کہا کہ جب ریاست کے اہم آبپاشی پراجکٹ پر تفصیلی وضاحت پیش کی جا رہی تھی، اس وقت اپوزیشن ارکان کا اس طرح لاپرواہی کا مظاہرہ کرنا عوامی مسائل سے ان کی بے توجہی کو ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی حلقوں کی جانب سے اس واقعہ کو غیر ضروری طور پر اچھالا جانے کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ تاہم وائرل تصاویر نے اسمبلی کے وقار اور اپوزیشن کے رویہ پر ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔



