کوڑنگل میں مسلمانوں کے مقدس مقامات پر بلڈوزر چلانے کی صدر تلنگانہ جاگروتی مسلم مائناریٹی ونگ محمد مصطفیٰ کی شدید مذمت

کوڑنگل میں مسلمانوں کے مقدس مقامات پر بلڈوزر چلانے کی شدید مذمت
حکومت کی ظالمانہ اور غیر انسانی کارروائی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح
چھلہ مبارک کی اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کا تلنگانہ جاگروتی کا مطالبہ
کوڑنگل میں قبرستانوں، عاشور خانہ اور چھلہ مبارک کو رات کی تاریکی میں مسمار کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی صدر تلنگانہ جاگروتی مسلم مائناریٹی ونگ محمد مصطفیٰ نے کہا کہ حکومت کے انتہائی غیر انسانی اور شرمناک اقدام کے باعث مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کی توسیع کے بہانے مسلمانوں کے مقدس مقامات پر بلڈوزر چلا کر حکومت نے اپنے اصل چہرے کو بے نقاب کردیا ہے۔ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلمانوں کی دل آزاری اور انہیں نشانہ بنانے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ دو سالہ دور اقتدار میں فرقہ وارانہ فسادات میں اضافہ اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی اس بات کا ثبوت ہے کہ کانگریس مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی روش پر گامزن ہے۔محمد مصطفیٰ نے کہا کہ جس کوڑنگل اسمبلی حلقہ سے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کو عوام نے منتخب کیا آج وہی وزیراعلیٰ اپنے ہی عوام کی مذہبی دل آزاری کے ذمہ دار بنے ہیں۔ یہ عمل مسلمانوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے اور اس پر غم و غصہ کی شدید لہر دوڑ گئی ہے۔انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ تلنگانہ جاگروتی قبرستانوں، عاشور خانوں اور چھلوں کی مسماری کی پرزور مذمت کرتی ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ چھلہ مبارک کو اسی مقام پر فی الفور دوبارہ تعمیر کیا جائے۔