چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بغیر ڈرائیور سے چلنے والی کار میں کیا سفر
حیدرآباد _ 12 اگست ( اردولیکس ڈیسک) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنے دورہ امریکہ کے موقع پر سان فرانسسکو میں بغیر ڈرائیور سے چلنے والی ” وے مو” کار میں سفر کیا۔وے مو کمپنی جو گوگل کا سیلف ڈرائیوینگ پراجکٹ ہے نے اس کار کو جدید ٹیکنالوجی سے تیار کیا ہے وزیر انڈسٹریز سریدھر بابو بھی جدید ٹیکنالوجی کی اس کار کا متاثر کن مظاہرہ دیکھنے کے لئے ان کے ساتھ شامل ہوئے ۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی اپنے دورے امریکہ کو ختم کرتے ہوئے کوریا کے لئے روانہ ہوگئے۔سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے اپنے امریکہ کے کامیاب دورہ کے اختتام کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کوریا کے دورہ کاآغازکیا۔ چیف منسٹر آفس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ امریکہ میں اپنے دورے کے دوران چیف منسٹر نے 50 سے زائد بزنس میٹنگس، 3 راونڈ ٹیبل کانفرنس اور کئی فیلڈ وزٹ کئے ۔ سی ایم او کا کہنا ہے کہ انہوں نے 19 سرمایہ کاری کے معاہدوں کو انجام دیا، جس میں ریاست کے لیے کل 31,500 کروڑ کی سرمایہ کاری اور 30,750 نئی ملازمتیں ہیں۔
اسی دوران سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ریونت ریڈی نے اس خصوص میں ایک پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہو رہی ہے کہ کوریا کے دورہ کا آغاز بہت مثبت انداز میں ہوا ہے۔ انہوں نے اپنے دن کا آغاز کوریا کے سب سے بڑے صنعتی گروپ میں سے ایک کارپس ایل ایس سے کیا جو پہلے ایل جی گروپ کا حصہ تھا۔اس گروپ کے ذمہ داروں کے ساتھ وسیع ترتبادلہ خیال کیاگیا۔