تلنگانہ میں آج شدید بارش کا امکان، 13 اضلاع کے لئے ایلو الرٹ

حیدرآباد: تلنگانہ میں آج کئی مقامات پر شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے مختلف اضلاع میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، آصف آباد، منچریال، جگتیال، سِرسلہ، کریم نگر، پداپلی، جے شنکر بھوپال پلی، مولوگو اور بھدرادری کوتہ گوڑم اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ کے مطابق مذکورہ اضلاع میں بعض مقامات پر گرج چمک اور بجلی کی کڑک کے ساتھ تیز بارش ہوسکتی ہے۔ اچانک ہونے والی بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہونے کا امکان ہے۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بارش اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ ہدایات پر عمل کریں۔




