تلنگانہ

اویسی برادران کی حب الوطنی پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ‘‘: چیف منسٹر ریونت ریڈی

’’اویسی برادران کی حب الوطنی پر انگلی اٹھانے والا کوئی نہیں‘‘: ریونت ریڈی

 

حیدرآباد: تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ حب الوطنی کے معاملے میں بیرسٹر اسدالدین اویسی اور اکبرالدین اویسی پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کے معاملے میں اویسی برادران وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے کسی طرح کم نہیں ہیں۔

 

حیدرآباد کے سعیدآباد اسٹیل برج کے افتتاح کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اسدالدین اویسی اور مجلس کو ملک مخالف قرار دینا بعض لوگوں کا محض پروپیگنڈہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسدالدین اویسی کی دنیا بھر میں منفرد شناخت ہے۔

 

چیف منسٹر نے سابق حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس نے اسٹیل برج کا صرف سنگ بنیاد رکھا، لیکن اس کی تعمیر کے لیے ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر بننے کے بعد انہوں نے اکبرالدین اویسی اور اسدالدین اویسی سے پرانے شہر کی ترقی کے سلسلے میں بات چیت کی۔

 

ریونت ریڈی نے کہا کہ اتنے برسوں میں کتنے چیف منسٹر پرانے شہر آئے ہیں؟ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے علاوہ کوئی اور چیف منسٹر پرانے شہر کی گلیوں میں نہیں آیا۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی کمشنر کو ہدایت دی کہ پرانے شہر کی ترقی کے لیے اسدالدین اویسی کی جانب سے پیش کی جانے والی ہر تجویز کو فوری طور پر منظوری دی جائے۔

 

انہوں نے پرانے شہر کے غریب عوام کے لیے اندرامّا مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں ایک لاکھ مکانات تعمیر کرکے غریبوں کو فراہم کرنا حکومت کا ہدف ہے۔ بااثر افراد کے قبضے میں موجود اراضی حاصل کرکے غریبوں کے لیے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔

 

مسلمانوں کو چار فیصد ریزرویشن کا ذکر کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ اس کا سہرا سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کو جاتا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے اتحاد، بھائی چارے اور باہمی یکجہتی کے ساتھ رہنے پر زور دیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button