جنرل نیوز

مرحوم محمد تاج الدین کی خدمات ناقابلِ فراموش، بی آر ایس پارٹی سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی: پی اجے کمار

کھمم: بی آر ایس پارٹی کھمم ضلع کے اقلیتی صدر مرحوم محمد تاج الدین کی خدمات کو پارٹی اور متحدہ کھمم ضلع کے عوام کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ مرحوم نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کردی تھی اور مشکل حالات میں بھی عوام کے درمیان رہ کر ان کی مدد کی۔ بی آر ایس پارٹی ہمیشہ مرحوم کے افراد خاندان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار، بی آر ایس کے راجیہ سبھا رکن ودی راجو روی چندرا اور دیگر قائدین نے مرحوم محمد تاج الدین کے تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

محمد تاج الدین کا 24 اگست کی رات دیر گئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔ وہ بی آر ایس پارٹی کھمم ضلع کے اقلیتی صدر کی حیثیت سے متحدہ کھمم ضلع کے عوام کی بے لوث خدمت انجام دے رہے تھے۔ بالخصوص کورونا وبا اور لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے دن رات عوام کی مدد کی۔ ان کی اچانک موت سے متحدہ کھمم ضلع کے عوام اور بی آر ایس پارٹی میں غم کی لہر دوڑ گئی۔

 

کھمم کے تلنگانہ بھون میں سابق رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار کی ہدایت پر بی آر ایس پارٹی ضلع کھمم کی جانب سے تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت بی آر ایس پارٹی کھمم ضلع کے سابق قائد اور سابق چیئرمین کتب خانہ محمد عزیز الحق قمر نے کی۔

 

اجلاس میں سابق ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی اجے کمار، بی آر ایس کے راجیہ سبھا رکن ودی راجو روی چندرا، سابق رکن اسمبلی ستوپلی سنڈرا وینکٹ ویریا اور سابق رکن اسمبلی پالیر کے اوپیندر ریڈی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ قائدین نے مرحوم محمد تاج الدین کی تصویر پر پھول نچھاور کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

 

اس موقع پر پی اجے کمار نے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد تاج الدین ان کے لیے ایک بھائی کی طرح تھے۔ وہ ہمیشہ مخلصانہ جذبے کے ساتھ عوام اور پارٹی کی خدمت میں سرگرم رہتے تھے۔ انہوں نے اپنی صحت کی بھی پرواہ کئے بغیر ایک وفادار سپاہی کی طرح بی آر ایس پارٹی کے لیے کام کیا۔

 

پی اجے کمار نے مرحوم کے خاندان کی بھرپور مدد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محمد تاج الدین کی دختر، جو ممتا میڈیکل کالج میں بی ڈی ایس سال اول میں زیر تعلیم ہیں، کی مکمل تعلیم کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔ بی ڈی ایس مکمل کرنے کے بعد ایم ڈی کی تعلیم کے اخراجات بھی وہ ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی دختر کی شادی میں بھی وہ ایک ماموں کی طرح خاندان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور شادی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔

 

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ مرحوم کے فرزند، جنہوں نے حال ہی میں سول انجینئرنگ مکمل کی ہے، کو اعلیٰ تعلیم اور ملازمت ملنے تک ان کے تمام اخراجات بھی وہ خود برداشت کریں گے۔ مرحوم کی اہلیہ کے لیے بھی جلد ہی ان کی جانب سے اور پارٹی کی جانب سے بڑی رقم کے ٹی آر کے ذریعے بینک میں فکسڈ ڈپازٹ کرائی جائے گی۔

 

پی اجے کمار کے ان اعلانات کا عوام اور پارٹی کارکنوں نے زبردست خیرمقدم کیا۔

 

اس موقع پر پی اجے کمار نے متحدہ کھمم ضلع کے بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کے لیے بھی اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھمم اور حیدرآباد میں واقع دونوں ہاسپٹلس میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اس سہولت سے بھرپور استفادہ کرنے کی اپیل کی۔

 

تعزیتی اجلاس میں بی آر ایس پارٹی کے ضلعی قائدین، کھمم میونسپل کارپوریشن کے بی آر ایس کارپوریٹرس، پارٹی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button