تلنگانہ آر ٹی سی ملازمین کے ڈی اے میں اضافہ

تلنگانہ حکومت نے آر ٹی سی ملازمین کے لیے مہنگائی الاؤنس (ڈی اے) میں 2.1 فیصد اضافہ کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ڈی اے کی شرح 50.7 فیصد سے بڑھ کر 52.8 فیصد ہو گئی ہے۔ یہ اضافہ یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا، جس سے ریاست بھر کے ہزاروں ملازمین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت گزشتہ تین ماہ کے بقایا جات بھی ادا کرے گی، جنہیں آئندہ مہینوں میں سپلیمنٹری بلز کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔ تاہم اس فیصلے کے نتیجے میں آر ٹی سی کارپوریشن پر ہر ماہ تقریباً 2.82 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جولائی 2025 میں بھی حکومت نے ڈی اے میں 2.1 فیصد اضافہ کیا تھا، اور اب مسلسل دوسرے مرحلے میں اضافہ کرتے ہوئے ملازمین کو مزید راحت فراہم کی گئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اس موقع پر آر ٹی سی ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شروع سے ہی ملازمین کی فلاح و بہبود، ادارے کے استحکام اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئندہ بھی ملازمین کے مسائل کے حل اور ادارے کی ترقی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔



