جرائم و حادثات

کولہاپور کے بعد اب لاتور میں اورنگزیب کی تصویر پر ہنگامہ _ سوشل میڈیا پر تصویر پوسٹ کرنے والا گرفتار

ممبئی _ 16 جون ( اردولیکس ڈیسک) سوشل میڈیا پر اورنگ زیب کی تصویر پوسٹ کرنے پر مہاراشٹر میں ایک بار پھر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ کولہاپور اور احمد نگر کے بعد اب لاتور میں بھی کشیدگی دیکھی گئی ۔ جس کے بعد پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ لاتور ضلع کے کلاری گاؤں کے ایک شخص نے اورنگ زیب کی تصویر کو سوشل میڈیا پر اسٹیٹس بنایا تھا۔ جس کے بعد ہندو تنظیموں نے احتجاج کیا۔ اور اس شخص کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق، لاتور کی ہندو تنظیموں نے اس شخص کی جانب سے اورنگزیب کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کے معاملے کو ہندووں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا قرار دیا ہے۔ اس کے خلاف ہندو تنظیموں نے ریالی  نکالی اور 15 جون کو دکانیں بند کروا دیں۔ پولیس نے ہندو تنظیموں سے بات کرکے ہنگامہ کو بڑھنے سے روک دیا۔ اور پوسٹ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔

 

واضح رہے کہ چند روز قبل کولہاپور اور احمد نگر میں اورنگ زیب اور ٹیپو سلطان کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان مقدمات میں اب تک 40 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایسی چیزوں سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button