بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعر اظہر عنایتی کی کتاب ” کائناتِ سخن ” کا رسمِ اجراء

حیدرآباد 9ستمبر( ای میل )تسمیہ آڈیٹوریم اوکھلا نئی دہلی میں شکھر آرگنائزیشن فار سوشل ڈیولپمنٹ ، دہلی کے زہر اہتمام کائنات سخن ( کلیات اظہر عنایتی) کی تقریب رسم اجرا اور ایک شاندار مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ۔ جلسے کی کامیاب نظامت ڈاکٹر شعیب رضا خاں وارثی (سابق ڈپٹی ڈائریکٹر این آئی او ایس ، دہلی ) نے کی۔ جلسے کے صدر تسمیہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر سید فاروق تھے، جبکہ مہمان خصوصی پروفیسر شہپر رسول تھے ۔
صاحب کتاب اظہر عنایتی کے علاوہ ڈاکٹر ساجد بھی مہمان ذی وقار تھے۔ کتاب کے مرتب پروفیسر شہزاد انجم مہمان اعزازی کی حیثیت سے موجود رہے ۔ جلسے کا آغاز ناظم جلسہ ڈاکٹر شعیب رضا وارثی نے صاحب کتاب اظہر عنایتی کی نعت پاک انھیں کی آواز و انداز میں پش کرکے کیا جسے کافی سراہا گیا ۔کائنات سخن کی رسم اجرا کے بعد اظہر عنایتی کی شخصیت اور شاعری کے حوالے سے ڈاکٹر شفیع ایوب نے کلام اظہر عنایتی کے پانچ اہم نکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور انہیں ایک عہد ساز شاعر قرار دیا ۔ رامپور سے تشریف لائے ڈاکٹر جاوید نسیمی نے اظہر عنایتی کے کلام اور ان کی ذاتی زندگی کے دلچسپ واقعات پر سیر حاصل گفتگو کی ۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے اظہر عنایتی کی مقبولیت پر جامع گفتگو کی ۔ پروفیسر کوثر مظہری صدر شعبئہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی نے اظہر عنایتی کے کلام پر اظہار خیال فرماتے ہوئے کہا کہ غزل کے رنگ میں انقلاب کو کس طرح پیش کیا جاتا ہے یہ اظہر عنایتی کے کلام سے سیکھنے کی چیز ہے ۔ پروفیسر احمد محفوظ نے کہا کہ اظہر عنایتی کے کلیات کو کہیں سے پڑھیے آپ کو کوئی بھی شعر ایسا نہیں ملے گا جس کے بارے میں کہہ سکیں کہ بات نہیں بنی ۔ دونوں مصرعے اس طرح مربوط ہوتے ہیں کہ آپ ایک لفظ بھی اس میں سے نہیں نکال سکتے۔ کائنات سخن کے
مرتب پروفیسر شہزاد انجم نے کہا کہ میں اظہر عنایتی کے کلام کے علاوہ ان کی ذاتی زندگی سے بیحد متاثر ہوں ۔ وہ اعلی اخلاقی اقدار کے پاسدار شخص ہیں ۔ پروفیسر شہپر رسول نے صاحب کتاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اظہر عنایتی اس عہد کے نہایت معتبر اور کہنہ مشق شاعر ہیں ۔ رسم اجرا کے آخر میں صاحب کتاب اظہر عنایتی نے ڈاکٹر سید محمد فاروق اور جلسہ کے تمام ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا ۔
اس کے بعد مشاعرے کا دور شروع کیا گیا۔جس میں دبئی سے تشریف لایے شاعر آصف سروش ، ڈاکٹر جاوید نسیمی (رامپور)، ڈاکٹر شعیب رضا وارثی دہلی ،جناب ناصر عزیز ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر شفیع ایوب ، جناب سید شکیل غوث (رامپور) ، ڈاکٹر شعائر اللہ خاں (رامپور)، ڈاکٹر شہپر رسول ، پروفیسر احمد محفوظ ، پروفیسر کوثر مظہری ، ڈاکٹر حفیظ الرحمن ، ڈاکٹر عدنان ضیاءی ، محترمہ وسیم راشد ڈاکٹر الف ناظم اور اظہر عنایتی نے اپنے کلام سے نوازا ۔
اس پر وقار تقریب میں اردو ادب کی چیدہ چید شخصیات نے حصہ لیا ۔سامعین میں جناب سراج عظیم سکریٹری آل انڈیا ادب اطفال سوسائٹی دہلی، ڈاکٹر نور محمد (رامپور)جناب ندیم اختر چئیرمین شکھر فاؤنڈیشن، جناب نصیر میاں (رامپور) جناب یمن وغیرہ بطور خاص موجود رہے ۔ آخر میں تسمیہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر سید فاروق نے صاحب کتاب اور مرتب کتاب کو مبارکباد پیش کی نیز سبھی مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔
اس موقع پر ایاز پرفیومز کی جانب سے مہمانان کو عطر کے تحفے اور تسمیہ فاؤنڈیشن کی جانب سے گھریلوں استعمال کی اشیاء سے متعلق پیکٹس بطور تحفہ پیش کئے گئے۔