وائس آف میڈیا” یونین تلنگانہ میں صحافیوں کی آواز بن کر ابھرے گی ۔ قومی صدر سندیپ کالے کا بیان
عادل آباد۔19/مئی(اردو لیکس)صحافیوں کی تاریخی یونین ‘وائس آف میڈیا’ کی ریاست گیر کانفرنس 15 سے 20 جون تک حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔ ‘وائس آف میڈیا کے بانی و قومی صدر سندیپ کالے نے کہا کہ ‘وائس آف میڈیا’ یونین تلنگانہ میں صحافیوں کی آواز بن کر ابھرے گی۔انہوں نے حال ہی میں ریاست تلنگانہ کا دورہ کیا تھا اور یہاں کے ریاستی یونین کے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد اپنے ایک بیان میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وائس آف میڈیا تلنگانہ کے صدر بی سندیش نے ریاست کے نمائندوں اور ارکان کے ساتھ سندیپ کالے کو اعزاز سے نوازا۔بعد ازاں قومی صدر سندیپ کالے نے کہا کہ وہ ریاست تلنگانہ میں صحافیوں کو انصاف دلانے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ ‘وائس آف میڈیا’ جو صحافیوں کے مفادات کے لیے لڑ رہی ہے،تلنگانہ میں صحافیوں کی آواز بن کر کھڑی رہے گی۔ریاست تلنگانہ میں منعقد ہونے والی ‘وائس آف میڈیا’ یونین کی مہاسبھا کے متعلق کہا کہ ریاست تلنگانہ میں صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وائس آف میڈیا نے ان مسائل کو حل کرنے کے لیے ریاست تلنگانہ کا بلیو پرنٹ تیار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے صحافی وائس آف میڈیا کے بینر تلے متحد ہو کر اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں اور تلنگانہ میں بھی ایسا ہی ہونے والا ہے۔ریاست تلنگانہ میں وائس آف میڈیا کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے۔اب ہم صحافیوں،ان کے خاندانوں اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے لڑنا چاہتے ہیں۔تلنگانہ میں تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے صحافیوں کو اکثر مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سندیپ کالے نے کہا کہ تنظیم تلنگانہ کے تمام صحافیوں کو ایک ساتھ لانے اور ان کے ساتھ انصاف کرنے کا کام کر رہی ہے۔
بعد ازاں تلنگانہ ریاستی صدر بی سندیش نے قومی صدر کو آئندہ مہاسبھا کی تیاریوں کے بارے میں بتایا۔سندیش نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سینکڑوں کی تعداد میں صحافی ’وائس آف میڈیا‘ یونین کے رکن بننے کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ممبر شپ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔سندیپ کالے کو ریاست تلنگانہ میں تنظیم سازی کی رپورٹ،ماہانہ سرگرمیوں،صحافیوں کے مطالبات،تلنگانہ حکومت کے ساتھ زیر التوا معاملات کی وضاحت کی گئی۔اس پروگرام میں تلنگانہ ریاستی نائب صدر ایم ڈی محسن،ریاستی ورکنگ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر پدماکر،ٹی رویندر،عادل آباد ضلع صدر محمد شفیع،سندیپ اور دیگر موجود تھے۔