نظام آباد اقلیتی علاقوں میں راشن شاپس دکانوں کے قیام کیلئے مجلسی وفد کی ضلع کلکٹر سے نمائندگی
نظام آباد:19/ستمبر(اردو لیکس)صدر کل ہند مجلس ورکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی صاحب کی ہدایت پر نظام آبادصدر ضلع مجلس محمد شکیل احمد فاضل اور ڈپٹی میئر محمد ادریس خان کی قیادت میں مجلسی کارپوریٹرس و قائدین کا ایک وفد آج نظام آباد ضلع کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو اور آر ڈی او راجندرکمار سے ملاقات کرتے ہوئے بتایاکہ نظام آباد کے بلدی ڈویژن نمبر 11: بابن صاحب پہاڑی علاقہ،ڈویژن نمبر 12: مدینہ عیدگاہ چوراستہ، ساگرہلزکالونی،ڈویژن نمبر 13: دھرم پوری ہلز، ڈیری فارم،ڈویژن نمبر 14: اکبر باغ،ڈویژن نمبر 30: سی ایم روڈ،ڈویژن نمبر 31: آٹو نگرمیں مقامی عوام کیلئے سرکاری طورپر تقسیم کئے جانے والے اجناس فیر پرائیز شاپ کی سہولتیں نہیں ہے۔ اس کے باوجود نظام آباد اربن میں 19نئے فیر پرائیز شاپس کی منظوریاں دی گئی اور اقلیتی علاقوں کو یکسر نظر انداز کردیا گیااظہار تاسف کیا۔
مجلسی قائدین نے بتایاکہ ہر ماہ راشن کے حصول کیلئے نظام آباد شہرکے مختلف فیر پرائیز شاپس سے اجناس حاصل کرنے میں غریب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور سربراہ کئے جارہے مفت چاول سے کہیں زیادہ آٹو ز کا کرایہ ادا کرنا پڑرہا ہے جو غریب عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ صدر ضلع مجلس محمد شکیل احمد فاضل، ڈپٹی میئر محمد ادریس خان نے ضلع کلکٹر اور آرڈی او سے کہاکہ بودھن اور نظام آباد میں راشن کی دکانوں کے الاٹمنٹ کیلئے جاریہ ماہ 26/ستمبر 2024ء کو تحریری طورپر تلگو زبان میں امتحانی پرچہ جاری کیاجارہا ہے۔ انہوں نے تلگو کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں بھی تحریری امتحان کا سوالی پرچہ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نمائندگی کی۔
جس پر ضلع کلکٹر نے آرڈی اواور ایس بی کوسلم ڈویژنوں میں ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ فیر پرائیز شاپ امتحان کے سوالیہ پرچہ کی 3زبانوں (تلگو، اردو، انگریزی) میں انعقاد کے سلسلہ میں تحقیقات احکامات جاری کریں۔ اس موقع پر کارپوریٹرس ماجد صدیقی، عبدالعلی، میر ارشاد علی سمیر، انچارج کارپوریٹرس ریاض احمد، محمد منور علی، محمد مستحسین، ایم اے مقیم، کوآپشن ممبرس شہباز احمد، مجلسی قائد خلیل احمد وفد میں شامل تھے۔