تلنگانہ

جنگاؤں میں  ملعون راجہ سنگھ کے خلاف مسلمانوں کا احتجاج، گرفتاری کا مطالبہ

 

جنگاؤں: گوشہ محل کے رکن اسمبلی ملعون راجہ سنگھ کی جانب سے مسلم خواتین اور مسلم سماج کے خلاف مبینہ طور پر دیے گئے نازیبا اور اشتعال انگیز بیانات کے خلاف جمعہ کو تلنگانہ کے جنگاؤں میں مسلمانوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی کی جانب سے ایک مینار مسجد، لکشمی بائی کنٹہ گیٹ کے سامنے بعد نمازِ جمعہ احتجاج کا اہتمام کیا گیا۔

 

محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کی قیادت میں مظاہرین نے ’’Arrest Raja Singh‘‘ کے پلے کارڈز اٹھا کر اپنا احتجاج درج کرایا اور راجہ سنگھ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملعون راجہ سنگھ فوری طور پر اپنے بیانات پر عوامی معافی مانگیں، مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے اور مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں ان کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے، اور آئندہ اس قسم کے بیانات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے کہا کہ آئینِ ہند ہر شہری کو مساوی حقوق فراہم کرتا ہے اور کسی عوامی نمائندے کو مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ راجہ سنگھ معافی مانگیں اور پولیس ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

 

بعد ازاں مظاہرین نے جنگاؤں پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے راجہ سنگھ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

 

احتجاج میں محمد عارف، محمد اقبال، محمد مجو، محمد ناہید، محمد اسماعیل، محمد افضل، محمد بابا، محمد رحیم، محمد یعقوب، محمد سلمان، محمد رفیق سمیت بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button