حیدرآباد میں خاتون ایڈوکیٹ پر حملہ۔تلنگانہ ایڈوکیٹس پروٹیکشن ایکٹ کے تحت پہلا مقدمہ درج

خاتون ایڈوکیٹ پر احاطہ عدالت میں حملہ۔تلنگانہ ایڈووکیٹس پروٹیکشن ایکٹ کے تحت شہر میں پہلا مقدمہ درج
حیدرآباد: تلنگانہ پولیس نے ریاست میں نافذ ہونے والے تلنگانہ ایڈووکیٹس پروٹیکشن ایکٹ کے تحت پہلا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ایک خاتون کی جانب سے خاتون وکیل نشاط رضا پر مبینہ حملے کے بعد عمل میں آئی۔
پولیس کے مطابق خاتون ایڈوکیٹ پرانی حویلی میں واقع فیملی کورٹ میں ایک شخص کی جانب سے مقدمہ کی پیروی کررہی تھیں جو سنجنا نامی خاتون کا شوہر بتایا جاتا ہے۔جمعرات کو سنجنا مقدمہ کی سماعت کے سلسلے میں عدالت پہنچی جہاں اس کی ملاقات اپنے شوہر کے مقدمہ کی پیروی کرنے والی خاتون ایڈوکیٹ سے ہوئی۔
خاتون نے وکیل سے بحث تکرار کی اور الزام ہے کہ سنجنا نے عدالت کے احاطے میں وکیل پر یہ کہتے ہوئے حملہ کر دیا کہ وہ اس کے شوہر کی حمایت کر رہی ہیں۔واقعہ کے بعد ایڈوکیٹ نے میر چوک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس پر پولیس نے سنجنا کے خلاف تلنگانہ ایڈووکیٹس پروٹیکشن ایکٹ 2026 کی دفعہ 4 کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
اس دوران وکلا برادری نے خاتون ایڈوکیٹ پر حملے کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار خاتون کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ یہ تلنگانہ میں نئے قانون کے نفاذ کے بعد اس ایکٹ کے تحت درج ہونے والا پہلا مقدمہ قرار دیا جا رہا ہے۔



