ہندوستان میں ڈینگو بخار سے بچاؤ کی پہلی ویکسین کی منظوری۔ 4 سے 60 سال تک کے افراد کے لیے دستیاب

نئی دہلی: ہندوستان میں ڈینگو سے بچاؤ کی پہلی ویکسین کو منظوری مل گئی ہے۔ ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا نے جاپانی دوا ساز کمپنی ٹاکیڈا بایوفارماسیوٹیکلز کی تیار کردہ ویکسین QDENGA کے استعمال کی اجازت دے دی ہے۔
یہ ویکسین 4 سے 60 سال عمر کے افراد کو دی جا سکے گی۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ ویکسین لگوانے سے قبل یہ جانچنے کی ضرورت نہیں ہوگی کہ متعلقہ شخص پہلے کبھی ڈینگو کا شکار ہوا ہے یا نہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ ویکسین ڈینگو وائرس کی چاروں اقسام کے خلاف تحفظ فراہم کرتی ہے۔ ویکسین کی دو خوراکیں (ہر خوراک 0.5 ملی لیٹر) تین ماہ کے وقفے سے دی جائیں گی۔
یہ ویکسین عالمی ادارۂ صحت کی سفارشات کے مطابق ہے اور اسے ایشیا کے 43 ممالک میں پہلے ہی منظوری مل چکی ہے۔بھارت میں ہر سال لاکھوں افراد مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری کا شکار ہوتے ہیں۔
2025 کے دوران ایک لاکھ سے زائد ڈینگو کیسز سرکاری طور پر ریکارڈ کیے گئے جبکہ ماہرین کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے ڈینگع کے تقریباً ایک تہائی کیسز بھارت میں سامنے آتے ہیں۔کلینیکل ٹرائلز کے نتائج کے مطابق QDENGA کی دونوں خوراکیں مکمل کرنے کے بعد ڈینگع کے باعث ہاسپٹل میں
شریک ہونے کے خطرے میں 84.1 فیصد تک کمی دیکھی گئی جو اس ویکسین کی مؤثریت کا اہم ثبوت ہے۔



