خاتون آئی پی ایس آفیسر کو بی جے پی رکن اسمبلی کی بیٹی نے تھپڑ ماردیا۔ کرناٹک میں واقعہ

حیدرآباد: کرناٹک کے منڈیا ضلع کے سری رنگاپٹنم تعلقہ میں واقع مشہور مندر میں بی جے پی رکنِ اسمبلی سریش گوڑا کی بیٹی ایشوریا کی جانب سے ڈیوٹی پر تعینات خاتون پی ایس آئی پر ہاتھ اٹھانے کا معاملہ شدید تنازع کا باعث بن گیا ہے۔
مندر میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد کے پیشِ نظر پولیس نے ایشوریا کو ہجوم سے بچنے کے لیے قطار کے نظام پر عمل کرتے ہوئے مندر کے اندر جانے کی ہدایت دی جس س پر ایشوریا اور پولیس ملازمین کے درمیان شدید بحث و تکرار ہوئی۔
شکایت کے مطابق غصے میں آکر ایشوریا نے ڈیوٹی پر موجود خاتون پی ایس آئی کو تھپڑ مارا جس کے بعد مذکورہ خاتون پولیس آفیسر نے بھی جوابی کاروائی میں ایشوریا پر ہاتھ اٹھایا۔یہ واقعہ 12 اگست کو پیش آیا تھا لیکن اس کی تفصیلات بعد میں سامنے آئیں۔
خاتون پولیس آفیسر کو سرکاری ڈیوٹی انجام دینے سے روکنے اور ان پر حملہ کرنے کے الزام میں ایشوریا کے خلاف پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے۔اس واقعے کی ویڈیوس منظرِ عام پر آنے کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے بھی جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں۔



