تلنگانہ

جامعہ نظامیہ میں بغیر اجازت داخلہ خفیہ ویڈیو گرافی اور ہنگامہ آرائی،میم ٹی وی رپورٹر کے خلاف کیس درج

حیدرآباد: جامعہ نظامیہ کے سکریٹری احمد محی الدین خان کی شکایت پر میم ٹی وی کے ایک رپورٹر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مبینہ طور پر ادارے کے احاطے میں بغیر پیشگی اجازت داخل ہونے خفیہ ویڈیو ریکارڈنگ کرنے اور عملے کو ہراساں کرنے کے الزامات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

 

شکایت کے مطابق واقعہ 8 ستمبر 2026 کو تقریباً 3 بج کر 20 منٹ پر جامعہ نظامیہ، حسین علم میں پیش آیا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ میم ٹی وی کا رپورٹر بعض ساتھیوں جن میں خواتین اور نوجوان لڑکیاں بھی شامل تھیں، کے ہمراہ جامعہ نظامیہ کے احاطے میں پیشگی اجازت یا قانونی اختیار کے بغیر داخل ہوا۔

 

شکایت کے مطابق مذکورہ افراد نے ادارے کو جائیداد عطیہ کرنے کے بہانے اندر داخل ہوکر اپنی اصل نیت اور شناخت چھپائی اور امیر جامعہ کے چیمبر تک پہنچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ امیر جامعہ کے چیمبر میں داخل ہونے کے بعد موبائل فون چھپا کر مبینہ طور پر خفیہ ویڈیو ریکارڈنگ کی گئی اور امیر جامعہ سے جارحانہ اور ہراساں کرنے والے انداز میں سوالات کیے گئے۔

 

شکایت میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کو قابو میں کرنے اور ادارے کا نظم و ضبط برقرار رکھنے کی کوشش کے دوران عملے کے ارکان کے خلاف مبینہ طور پر بے بنیاد اور ہتک آمیز الزامات عائد کیے گئے جس سے جامعہ کے عملے کو ذہنی اذیت اور ادارے کی ساکھ و وقار کو نقصان پہنچا۔

 

جامعہ نظامیہ کے سکریٹری نے پولیس سے میم ٹی وی کے رپورٹر اور اس کے ساتھیوں کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔ اس معاملے کی تفتیش سب انسپکٹر ڈی. بھاسکر ریڈی کر رہے ہیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق شکایت 8 ستمبر کو رات تقریباً 10 بج کر 40 منٹ پر موصول ہوئی‌

 

جس کی بنا پر پولیس نے کیس درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button