اسپشل اسٹوری

پیدائش کے 13ویں دن پاسپورٹ، ننھی پری نے بنایا عالمی ریکارڈ

13 دن کی عمر میں پاسپورٹ، آندھرپردیش کی ننھی بچی نے قائم کیا عالمی ریکارڈ

 

آندھرا پردیش کے ایچّاپورم سے تعلق رکھنے والی ننھی بچی وجراپو اگسیا پرنسی نے صرف 13 دن کی عمر میں پاسپورٹ حاصل کرکے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز نے اس ریکارڈ کو باضابطہ طور پر درج کیا ہے۔ ادارے کے مطابق یہ ریکارڈ 12 جون 2026 کو قائم ہوا۔

 

اگسیا پرنسی، معروف تاجر وجراپو وینکٹیش کے دوسرے بیٹے وجراپو آشیش اور گیتا مادھوری کی بیٹی ہے۔ بچی کی پیدائش 30 مئی کو اس کی نانی کے شہر راجمندری، ضلع مشرقی گوداوری میں ہوئی تھی۔ آشیش ملازمت کے سلسلے میں اپنی اہلیہ کے ساتھ لندن میں مقیم ہیں۔

 

بچی کے بیرون ملک سفر کے لیے پاسپورٹ ضروری تھا، اس لیے والدین نے پیدائش کے فوراً بعد دستاویزات تیار کروانے کا عمل شروع کردیا۔ یکم جون کو پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا، جبکہ 2 جون کو بال آدھار کے لیے درخواست دی گئی اور 4 جون کو آدھار کارڈ بھی جاری ہوگیا۔ اس کے بعد 6 جون کو پاسپورٹ کے لئے درخواست دی گئی اور صرف چھ دن بعد، 12 جون کو پاسپورٹ جاری کردیا گیا۔

 

اس سے قبل کم عمر ترین پاسپورٹ ہولڈر کا ریکارڈ تمل ناڈو کی پی. تُشا سروجنی کے نام تھا، جنہوں نے 2024 میں دو ماہ 21 دن کی عمر میں پاسپورٹ حاصل کیا تھا۔ بعد میں 19 دن کی عمر میں پاسپورٹ حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی سامنے آیا۔ تاہم، اگسیا پرنسی نے صرف 13 دن کی عمر میں پاسپورٹ حاصل کرکے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔

 

انٹرنیشنل بک آف ریکارڈز نے اگسیا پرنسی کا نام ’ینگسٹ پاسپورٹ ہولڈر‘ کے طور پر درج کیا ہے۔ اس ننھی بچی کی کامیابی سے ایچّاپورم کے ساتھ ساتھ آندھرا پردیش کو بھی عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت ملی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جس وقت یہ ریکارڈ قائم ہوا، اس وقت بچی کی عمر دو ہفتے بھی نہیں تھی۔ فی الحال اگسیا پرنسی کی عمر تقریباً ساڑھے تین ماہ ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button