تلنگانہ آر ٹی سی مسلمہ یونین الیکشن شیڈول جاری

حیدرآباد: تلنگانہ آر ٹی سی کے ملازمین گزشتہ آٹھ سال سے جس مسلمہ یونین کے انتخابات کا انتظار کر رہے تھے آخرکار اس کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
انتخابات کا عمل رواں ماہ کی 21 تاریخ سے شروع ہوگا۔ حکام کے مطابق 9 اکتوبر کو انتخابات کرائے جائیں گے اور 17 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
آر ٹی سی میں اس سے قبل 19 جولائی 2016 کو تسلیم شدہ یونین کے انتخابات ہوئے تھے اور اب تقریباً آٹھ سال بعد دوبارہ انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔
آر ٹی سی میں کئی مزدور یونینیں موجود ہیں لیکن انتخابات میں کامیاب ہونے والی یونینوں کو ہی تسلیم شدہ یونین تصور کیا جاتا ہے۔ یہ تسلیم شدہ یونینیں علاقائی (ریجن) اور ریاستی سطح پر ہوتی ہیں۔ دونوں سطحوں کے لیے الگ الگ بیلٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرائے جاتے ہیں۔
ملازمین کی تنخواہوں، بونس، ڈی اے، سروس کے قواعد و ضوابط اور دیگر مسائل پر ادارے کی انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے کا قانونی حق صرف تسلیم شدہ یونین کو حاصل ہوتا ہے۔
ملازمین کی جانب سے معاہدے کرنے میں بھی تسلیم شدہ یونین کا اہم کردار ہوتا ہے۔ریجن میں کام کرنے والے افسران کے علاوہ آر ٹی سی کے دیگر تمام ملازمین اور کارکنوں کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہوگا۔
یہ انتخابات 2018 میں بھی ہونے تھے لیکن اُس وقت کی حکومت نے انتخابات منعقد نہیں کروائے تھے۔



