دہشت گردی کے مقدمہ میں 65 سالہ ضعیف شخص کو ضمانت کے باوجود جیل؛ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی قانونی جدوجہد، بامبے ہائی کورٹ سے رجوع

65/ سالہ ضعیف شخص ضمانت منظور ہونے کے باجود جیل میں مقید
مقامی ضمانت دار کی شرط تبدیل کرنے کی عرضداشت بامبے ہائی کورٹ میں داخل
جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) کی قانونی پیروی
ممبئی18/ ستمبر/ دہشت گردی کے الزامات کے تحت گذشتہ پندرہ سالوں سے جیل میں مقید ایک 65 سالہ ضعیف شخص ابتک بامبے ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کرنے کے باجود جیل سے رہا نہیں ہوسکا ہے کیونکہ بامبے ہائی کورٹ نے اسے بطور ضامن کسی مقامی شخص کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ملزم کفیل احمد کی گذشتہ سال بامبے ہائی کورٹ نے طویل قید اور مقدمہ کی سماعت میں ہونے والی تاخیر کی بنیاد پر ضمانت منظور کی تھی۔بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس اے ایس گڈکری اور جسٹس آر آر بھونسلے نے کفیل احمد کی ضمانت منظور کرتے ہو ئے اسے مقامی ضامندار پیش کرنے کی شرط پر جیل سے رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا تھا
۔بامبے ہائی کورٹ میں کفیل احمد کے مقدمہ کی پیروی ایڈوکیٹ مبین سولکر نے جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی)کے توسط سے کی تھی۔ملزم کفیل احمد کا تعلق بہار سے ہے اور اس کی ضمانت لینے کے لیئے مہاراشٹر میں کوئی موجود نہیں ہے لہذا آج بامبے ہائی کورٹ میں ضمانت کی شرط میں تبدیلی کی عرضداشت صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر مولانا حلیم اللہ قاسمی کی ہدایت پر ایڈوکیٹ متین شیخ نے داخل کی ہے۔گذشتہ ہفتہ ملزم کفیل احمد کے لڑکے نے مولانا حلیم اللہ قاسمی سے ملاقات کرکے اس کے ضعیف والد کی جیل سے رہائی کی درخواست کی تھی جس کے بعد بامبے ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کی گئی۔
ملزم کفیل احمد کے خلاف دہلی میں بھی ایک مقدمہ زیر سماعت ہے جہاں اسے ضمانت مل چکی ہے اور دہلی کی عدالت نے کفیل احمد کو کسی بھی صوبے سے تعلق رکھنے والے شخص کو بطور ضمانتدار پیش کرنے کی اجازت دی تھی۔ایڈوکیٹ متین شیخ کی جانب سے داخل پٹیشن میں تحریرہے کہ ہائی کورٹ کی جانب سے ایک سال قبل ضمانت منظور ہوجانے کے باوجود ملزم کی ابتک جیل سے رہائی نہیں ہوسکی ہے کیونکہ مقامی ضامن دار کی جو شرط عدالت نے تجویز کی ہے
ملزم اسے پورا کرنے میں ناکام ثابت ہوا ہے کیونکہ ملزم کا تعلق صوبہ بہار سے ہے اور مہاراشٹر میں اس کا کوئی جاننے والا نہیں ہے جو اس کی ضمانت لے سکے۔عرضداشت میں مزید تحریر ہے کہ جس طرح سے دہلی کور ٹ نے ملزم کو بیرون ریاست سے تعلق رکھنے والے ضامندار کو پیش کرنے کی اجازت دی ہے بامبے ہائی کورٹ بھی ملزم کو ایسی سہولت دے تاکہ پندرہ سالوں سے جیل میں مقید ملزم کی رہائی عمل میں آسکے۔ ملزم کفیل احمد کی عرضداشت پر اگلے ہفتے کسی دن سماعت متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کفیل احمد پر عروس البلاد ممبئی کے تین مختلف مقامات پر ہوئے بم دھماکہ معاملہ بنام 13/7 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ میں دیگر ملزمین کے ساتھ ملوث ہونے کا الزام ہے۔ملزم کفیل احمد سمیت دیگر تمام گیارہ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 302,307,326,325,324,379,109,120-B,اورغیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون، دھماکہ خیز مادہ کے قانون اور مکوکا قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ چارج فریم کیا تھا۔ اس معاملے کا سامنا کررہے ملزمین نقی احمد وصی احمد، ندیم اختر اشفاق شیخ، ہارون عبدالرشید نائیک،کفیل احمد محمد ایوب انصاری،، اسعد اللہ اختر جاوید اختر عرف ہڈی، سید اسماعیل آفاق علیم لنکا، صدام حسین فیروز خان، زین العابدین عبدالرزاق کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی قانونی امداد فراہم کررہی ہے۔سیشن عدالت میں ملزمین کے دفاع میں ایڈوکیٹ عبدالوہاب خان، ایڈوکیٹ شریف شیخ، ایڈوکیٹ حسنین قاضی و دیگر پیش ہورہے ہیں۔



