کاماریڈی کی ترقی کیلئے کانگریس حکومت پابند عہد: محمد علی شبیر
کاماریڈی کی ترقی کیلئے کانگریس حکومت پابند عہد: محمد علی شبیر
15، 16 ویں وارڈوں کا دورہ، عوامی مسائل سے واقفیت، مختلف سی سی سڑکوں کے کاموں کا سنگ بنیاد
کاماریڈی، 18 ستمبر (سید کوثر علی کی رپورٹ):حکومتی مشیر محمد علی شبیر نے جمعہ کو کاماریڈی شہر کے 15 اور 16 ویں وارڈوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ترقیاتی کاموں، بالخصوص سی سی سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔
محمد علی شبیر نے کہا کہ کاماریڈی شہر کی ترقی ان کی ذاتی ذمہ داری ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ تال میل قائم کرتے ہوئے مسلسل کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو عوام کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو جلد حل کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ حقیقی ترقی صرف بڑے منصوبوں سے نہیں بلکہ ہر وارڈ میں سڑکوں، نکاسی آب، پینے کے پانی، صفائی اور اسٹریٹ لائٹس جیسی بنیادی سہولتوں کی بہتری سے ممکن ہے۔
کاماریڈی کی ہمہ جہت ترقی کیلئے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔شبیر علی نے کہا کہ چیف منسٹر اے۔ ریونت ریڈی کے کاماریڈی سے انتخاب لڑنے کے دوران یہاں کے عوام سے قائم ہونے والے تعلق اور محبت کے پیش نظر کاماریڈی کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عوام کی جانب سے چیف منسٹر کو دی گئی محبت اور پذیرائی کو حکومت کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں سڑکوں، ڈرینج، پینے کے پانی، تالابوں کی ترقی، تعلیم، طب اور کھیلوں کی بنیادی سہولتوں سمیت مختلف شعبوں میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ کانگریس حکومت ترقی اور فلاحی اقدامات کو یکساں طور پر آگے بڑھا رہی ہے۔محمد علی شبیر نے بتایا کہ غریب خاندانوں کے اپنے مکان کے خواب کو پورا کرنے کیلئے اندرامّا مکانات اسکیم پر عمل کیا جا رہا ہے اور اہل خاندانوں کو مکان کی تعمیر کیلئے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے
۔ ریاست بھر میں پہلے مرحلہ میں 4.50 لاکھ اندرامّا مکانات کی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے 200 یونٹ تک مفت بجلی، 500 روپے میں گیس سلنڈر، خواتین کیلئے مفت آر ٹی سی بس سفر، نئے راشن کارڈ، باریک چاول کی تقسیم اور کسانوں کی مدد جیسے فلاحی پروگرام بھی جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت صرف اعلانات تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو ایک ایک کرکے پورا کر رہی ہے۔ غریبوں کی بہبود، کسانوں کی ترقی، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا، نوجوانوں کیلئے روزگار و ملازمت کے مواقع اور تعلیم و طب کے شعبوں کو مستحکم کرنا حکومت کے اہم مقاصد ہیں۔
شبیر علی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 15 اور 16 ویں وارڈوں میں شروع کئے گئے ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر وارڈ کے عوام اپنی مشکلات حکومت کے علم میں لائیں، عوام کے درمیان پہنچ کر مسائل سے واقفیت حاصل کرنا اور ان کا حل فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ کاماریڈی شہر کے ہر وارڈ کو جامع طور پر ترقی دے کر عوام کو بہتر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔
کاماریڈی کی ترقی نہیں رکے گی اور عوامی مسائل کے حل کا عمل بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کاماریڈی کو مزید ترقی یافتہ شہر بنانے کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں۔
اس موقع پر میونسپل چیئرمین اِپّا اُمارانی سرینواس، سیدانور احمد،سابق ڈی سی سی صدر کیلاش سرینواس، مقامی کونسلرس پریانکا سنتوش، ونیتا رام موہن، کونسلرس امجد، واجد، مجید، صدیقی، گنیش، چٹی بابو، بھوپتی، ستیہ، سوسائٹی چیئرمین گوڈم سرینواس ریڈی، پی راجو، اشوک ریڈی، موہن ریڈی، ویدیہ کشن، نوسیلال، گنیش نائک، ایس سی سیل ضلع صدر بالراجو، سابق لائبریری چیئرمین پونّا راجیشور کے علاوہ وارڈ کے عوام، خواتین اور کانگریس قائدین موجود تھے



