نیشنل

انسٹاگرام پر سونیا گاندھی کی دھماکہ دار انٹری – کتاب کی جھلکیاں شیئر کرتے ہی بڑھنے لگے فالوورس

نئی دہلی :  کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنا سرکاری کھاتہ کھول دیا۔ انہوں نے اپنی جلد منظر عام پر آنے والی یادداشتوں پر مشتمل کتاب ’بیلونگ: اے جرنی آف لو‘ (Belonging: A Journey of Love) کی جھلکیاں پیش کرنے والی ویڈیو بھی شیئر کی۔

 

ویڈیو میں سونیا گاندھی لائبریری میں کتابوں کے درمیان بیٹھ کر اپنی کتاب کے صفحات پلٹتے ہوئے اور پرانی تصاویر دیکھتی نظر آرہی ہیں۔ اس دوران وہ اپنی دختر پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ ہنسی مذاق اور گفتگو بھی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ان لمحات کو سب کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے انہیں بے حد خوشی ہورہی ہے۔ ان کے مطابق یہ کتاب محبت، ذمہ داری، محرومی اور اپنی جگہ تلاش کرنے کی کہانی ہے۔

 

انسٹاگرام پر کھاتہ کھولنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی انہیں بڑی تعداد میں فالوورس مل گئے۔ تاہم وہ اب تک صرف تین کھاتوں کو فالو کر رہی ہیں، جن میں راہول گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا اور کانگریس پارٹی کا سرکاری کھاتہ شامل ہے۔

 

دوسری جانب، اطلاعات کے مطابق کتاب کے ناشر نے وزیراعظم نریندر مودی، آر ایس ایس اور چین کے ساتھ سرحدی تنازع سے متعلق بعض موضوعات کو کتاب سے حذف کرنے کی درخواست کی تھی، جسے سونیا گاندھی نے مسترد کردیا۔ بعد ازاں ایک دوسرے ناشر نے کتاب کی اشاعت کے حقوق حاصل کرلئے۔ یہ کتاب 10 نومبر کو بازار میں پیش کی جائے گی۔

 

سیاسی زندگی میں طویل عرصے تک سوشل میڈیا سے دور رہنے والی سونیا گاندھی کا انسٹاگرام پر قدم رکھنا اہمیت کا حامل سمجھا جارہا ہے۔ اسے نوجوانوں اور رائے دہندگان تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button