نیشنل

فضا میں اڑتے طیارے میں روشن مارٹن کی غنڈہ گردی – ساتھی مسافر یوسف پر گھونسوں کی بارش، سیٹ بیلٹ سے گلا گھونٹنے کی کوشش

ترواننت پورم: ابوظہبی سے کوچی آنے والی انڈیگو ایئرلائنز کی پرواز میں دوران سفر ایک مسافر نے ساتھی مسافر پر حملہ کرتے ہوئے اسے گھونسوں سے بری طرح زخمی کردیا اور سیٹ بیلٹ سے اس کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی۔ واقعہ منگل کی شام پیش آیا۔

 

تفصیلات کے مطابق کیرالا سے تعلق رکھنے والے دو افراد اس پرواز میں سفر کررہے تھے۔ دوران پرواز وائیٹلا کے رہنے والے روشن مارٹن نے اگلی قطار میں بیٹھے تریشور کے یوسف پر اچانک حملہ کردیا۔ اس نے یوسف کے چہرے پر متعدد گھونسے برسائے اور اپنی سیٹ بیلٹ نکال کر اس کی گردن میں کسنے کی کوشش کی۔ حملے میں یوسف کی دائیں آنکھ کے قریب زخم آئے جبکہ اس کی عینک بھی ٹوٹ گئی۔ اچانک پیش آئے اس واقعہ سے طیارے میں افراتفری پھیل گئی۔

 

کوچی ایئرپورٹ پر طیارے کی لینڈنگ کے بعد متاثرہ مسافر یوسف نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر روشن مارٹن کے خلاف شکایت درج کروائی، جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس عہدیدار کے مطابق ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ شکایت کنندہ کے بیان کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button