نیشنل

راہل گاندھی کسی بھی پلیٹ فارم پر نریندرمودی سے کھلے مباحث کے لیے تیار

نئی دہلی۔ کانگریس کے قائد راہل گاندھی نے کہا ہے کہ وہ کسی بھی پلیٹ فارم پر وزیراعظم نریندر مودی سے مباحث کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے سابق جج مدن بی لوکور، دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اور انگریزی روزنامہ دی ہندو کے سابق ایڈیٹر انچیف کی طرف سے دی گئی دعوت کو قبول کر لیا ہے۔ ان معزز شخصیات نے وزیراعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی کو کھلے مباحث سے متعلق دعوت نامہ روانہ کیا تھا۔

 

راہل گاندھی نے کہا کہ مودی اگر ان کے ساتھ مباحث‌میں حصہ نہیں لینا چاہتے ہیں تو وہ پارٹی کے قومی صدر ملیکارجن کھرگے کے ساتھ مباحث میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ملک کی مشہور و معروف شخصیات نے وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس قائدراہل گاندھی کو کھلے مباحث کی دعوت دی تھی۔ دعوت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یقین ہے عوامی بحث کے ذریعہ ہمارے سیاسی قائدین کو براہ راست سننے سے شہریوں کو بہت فائدہ ہوگا اور اس سے ہمارے جمہوری عمل کو نمایاں طور پر مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ سپریم کورٹ کے سابق جج مدن بی لوکر، دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج اے پی شاہ اور سینئر صحافی این رام کی جانب سے دونوں قائدین کو تحریرکردہ مکتوب میں کہا گیا ہے

 

کہ آپ نے مختلف حیثیتوں میں ملک کے تئیں اپنا فرض ادا کیا ہے۔ ہم آپ کے پاس ایک تجویز لے کر آرہے ہیں جس کے بارے میں ہمارا خیال ہے کہ یہ ہر شہری کے وسیع تر مفاد میں ہے۔ 18ویں لوک سبھا کے عام انتخابات اپنے وسط میں پہنچ چکے ہیں۔ ریالیوں اور عوامی خطابات کے دوران حکمران جماعت بی جے پی اور اپوزیشن کانگریس دونوں کے ارکان نے ہماری آئینی جمہوریت کے بنیاد سے متعلق اہم سوالات کئے ہیں۔

 

سرکردہ شخصیات نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ہے کہ عوام کے ایک رکن کی حیثیت سے ہمیں تشویش ہے کہ ہم نے دونوں طرف سے صرف الزامات اور چیلنجز سنے ہیں اور کوئی معنی خیز جواب نہیں دیکھا۔ ان حالات میں یہ یقینی بنانا بہت اہم ہے کہ عوام کو بحث کے تمام پہلوؤں کے بارے میں اچھی طرح سے جانکاری دی جائے تاکہ وہ ووٹنگ کے وقت ایک بہتر متبادل کا انتخاب کر سکیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button