حیدراباد کے آؤٹر رنگ روڈ پر خوفناک حادثہ، 21 سالہ ڈینٹل طالبہ کی موت
حیدرآباد کے آؤٹر رنگ روڈ پر پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں 21 سالہ ڈینٹل طالبہ کی موت ہوگئی، جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہوگیا۔
شمش آباد پولیس کے مطابق سکندرآباد کی رہنے والی اڈنکی امولیا (21)، ایم این آر ڈینٹل کالج کی طالبہ تھی۔ منگل کی علی الصبح وہ اپنے دوست سدھارتھ کے ساتھ کار میں شمش آباد گئی تھی۔ واپسی کے دوران راستہ بھٹک کر وہ پدا عنبرپیٹ جانے والے راستے پر پہنچ گئے۔
صبح تقریباً 6 بجے پیڈا گولکنڈہ ایگزٹ ٹول گیٹ عبور کرنے کے بعد امولیا کی کار بے قابو ہوکر سڑک کے دائیں جانب موجود ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، کئی بار الٹنے کے بعد مخالف سمت کی سڑک پر جا گری۔
حادثہ میں امولیا کے سر اور ہاتھوں پر شدید چوٹیں آئیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی، جبکہ کار میں موجود سدھارتھ شدید زخمی ہوگیا، جسے ہاسپٹل منتقل کرکے علاج جاری ہے۔
متوفیہ کے والد اڈنکی مدھوسدن کی شکایت پر شمش آباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



