جرائم و حادثات
حیدراباد کے پرانے شہر میں خوفناک سڑک حادثہ – 20سالہ نئی دلہن جاں بحق ؛ شوہر اور نند زخمی

حیدرآبادکے پرانے شہر میں ایک دلخراش سڑک حادثہ پیش آیا۔ چندرائن گٹہ کے علاقے میں ڈی سی ایم گاڑی کی ٹکر سے ایک نو بیاہتا خاتون جاں بحق ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بندلہ گوڑہ کے نوری نگر سے تعلق رکھنے والی 20سالہ فاطمہ بیگم جمعرات کی رات اپنے شوہر کے ساتھ ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہی تھیں۔ اسی دوران ایک تیز رفتار ڈی سی ایم گاڑی نے ان کی ایکٹیوا اسکوٹی کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے بعد ڈی سی ایم گاڑی فاطمہ بیگم کے اوپر سے گزر گئی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
اس حادثے میں اسکوٹی پر سوار ان کے شوہر اور نند بھی زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور معائنہ کیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے دواخانہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔



