تلنگانہ کے وقارآباد ٹاون میں تیز رفتار کار کی ٹکر سے محمد طاہر علی زخمی
وقارآباد: تلنگانہ کے وقارآباد ٹاون میں سڑک پار کرنے کے دوران تیز رفتار کار کی زد میں آنے سے محمد طاہر علی زخمی ہوگئے، جنہیں علاج کے لیے میڈیکور ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔ حادثہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے، جس میں کار کو تیز رفتاری سے بے قابو ہوکر سڑک پر گھومتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا۔ محمد طاہر علی کے مطابق وہ وقارآباد میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ حلوائیس کے قریب، جنتا بک اسٹور کی سمت جانے والی مرکزی سڑک پر دو کاریں تیز رفتاری سے گزر رہی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک کار تیزی سے آگے نکل گئی،
جس کے بعد دوسری کار تیز رفتاری سے ایک جانب سے دوسری جانب مڑتے ہوئے ان کے قریب پہنچ گئی۔ کار کو بے قابو ہوکر گھومتا دیکھ کر انہوں نے بچنے کی کوشش کی، تاہم کار نے انہیں ٹکر مار دی، جس کے نتیجہ میں وہ زمین پر گر پڑے۔
طاہر علی نے الزام لگایا کہ ٹکر مارنے کے باوجود ڈرائیور نے فوری طور پر کار نہیں روکی۔ ان کے مطابق، اٹھنے کے بعد انہوں نے ڈرائیور سے اس کی لاپرواہ ڈرائیونگ کے بارے میں سوال کیا۔ حادثہ کے بعد کار کچھ دور جاکر رکی اور اس میں سوار چاروں افراد باہر نکل آئے۔ ان میں سے دو افراد واپس جائے حادثہ پر پہنچے، زخمی کو دیکھنے کے بعد وہاں سے چلے گئے۔
حادثہ دیکھنے والے دیگر گاڑی سواروں اور آٹو رکشہ ڈرائیوروں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے کار کو روک کر حادثہ میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔




