حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ نادرگل کے انجینئرنگ کالج میں ڈانڈیا تقریب کے دوران حادثہ – دو طالبات کی موت کی اطلاع
حیدرآباد : حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ نادرگل کے ایم وی ایس آر انجینئرنگ کالج میں منعقدہ ڈانڈیا کی تقریب کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا، جہاں تیز ہواؤں کے باعث تقریب کے لئے نصب لائٹنگ کرین اچانک طلبہ و طالبات پر گر پڑی۔ اس حادثے میں دو طالبات کی موت ہونے کی اطلاع ہے تاہم پولیس یا کالج انتظامیہ کی جانب سے اس کی توثیق نہیں ہوئی، جبکہ 25 سے زائد طلبہ کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق تقریب کے دوران طلبہ اور طالبات کے لئے الگ الگ انتظامات کئے گئے تھے۔ اسی دوران اچانک تیز ہوائیں چلنے سے لائٹنگ کے لئے نصب کرین طالبات کی جانب گر پڑی، جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ و طالبات زخمی ہوگئے۔
حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو علاج کے لئے پرتیوشا ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ ان میں سے دو کی حالت تشویشناک ہونے پر بہتر علاج کے لئے کامینینی اور اویسی اسپتالوں کو منتقل کئے جانے کی اطلاع ہے۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر بی جے پی لیڈر اندیلا سری راملو نے اسپتال پہنچ کر زخمی طلبہ و طالبات کی عیادت کی اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔



