جرائم و حادثات

حیدرآباد میں روڈی شیٹر کا بہیمانہ قتل – بھائی کے قتل کا بدلہ

حیدرآباد کے میرپیٹ پولیس اسٹیشن حدود میں پیر کی نصف شب ایک روڈی شیٹر کو انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق نندا ونم کالونی کا رہنے والا روڈی شیٹر سوری ماضی میں اپنی بیوی کے ساتھ سلمان نامی نوجوان کے قتل کے مقدمہ میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا تھا۔

 

حال ہی میں پولیس نے اسے شہر بدر بھی کیا تھا۔پولیس کے مطابق سوری گزشتہ رات ایک دوست کی سالگرہ میں شرکت کے لیے نندا ونم میں ٹی کے آر کالج کے قریب آیا تھا۔ تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ مقتول کے ہاتھوں اپنے بھائی سلمان کے قتل کا بدلہ لینے کی نیت سے سلمان کے بھائی افروز نے گزشتہ کچھ عرصے سے سوری کے ساتھ دوستی کا ڈرامہ رچا رکھا تھا۔

 

منصوبہ بندی کے تحت اس نے سوری کو ٹی کے آر کالج کے قریب بلایا۔جیسے ہی سوری وہاں پہنچا، افروز نے پہلے اس پر پیپر اسپرے کیا اور پھر چاقوؤں سے یکے بعد دیگرے کئی وار کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ اطلاع ملتے ہی ع اے سی پی پردیپ کمار ریڈی، انسپکٹر شوبھنا اور پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔

 

مقامی افراد زخمی سوری کو فوری طور پر ہاسپٹل لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عثمانیہ ہاسپٹل منتقل کردیا ہے۔ میرپیٹ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ فرار ملزم افروز کی تلاش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button