ایک ہی خاندان کے 5افراد کی مشتبہ موت – فینانسر کی ہراسانی اور مالی پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کرلینے کا شبہ
رائے پور: چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور میں ایک ہی خاندان کے 5افراد، جن میں میاں بیوی، دو کمسن بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، مشتبہ قتل اور خودکشی کے واقعے میں مردہ پائے گئے۔ پولیس نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق سنجے نگر علاقے میں واقع کرائے کے مکان میں پیش آئے اس واقعے کا انکشاف جمعہ کی دیر رات ہوا۔ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ شوہر نے پہلے اپنے اہل خانہ کو زہر دیا اور بعد میں پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ تاہم موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم اور فارنسک جانچ کے بعد ہی واضح ہوگی۔
مرنے والوں کی شناخت 50 سالہ ساجد علی عرف سجو، اس کی 45 سالہ بیوی رابیعہ بانو، 20 سالہ بیٹے ارشاد علی اور 15 سالہ شاہدہ بیگم اور 12 سالہ عرشبہ پروین کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ساجد کے فون کا بار بار جواب نہ ملنے اور بند مکان سے بدبو آنے پر مکان مالک اور پڑوسیوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو ساجد کی لاش چھت سے لٹکی ہوئی تھی، جبکہ بیوی، بیٹے اور دونوں بیٹیوں کی نعشیں فرش پر پڑی تھیں۔
یہ خاندان گزشتہ 8 ماہ سے مکان میں رہ رہا تھا۔ ساجد پرانی بیٹریوں کی خرید و فروخت کا کاروبار کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق خاندان کو آخری بار جمعرات کی شام دیکھا گیا تھا اور جمعہ بھر مکان بند رہا۔
ساجد علی مودھا پورہ میں بیٹری کی مرمت کا کام کرتا تھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق خاندان نے قرض لیا تھا اور قرض وصولی کے ایجنٹ اکثر رقم کی وصولی کے لئے وہاں آتے تھے۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث خاندان میں اندرونی اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ ساجد نے کھانے میں زہریلی چیز ملانے کے بعد افراد خاندان کو زہر دیا اور خود بھی خودکشی کرلی۔ پولیس اور فارنسک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے اور مکان کو مزید تحقیقات کے لئے سیل کردیا گیا ہے۔



