جرائم و حادثات

حیدرآباد کی نکھیتا کے امریکہ میں قتل کا معاملہ، سابق بوائے فرینڈ آگرہ میں گرفتار

حیدرآباد کے تارناکہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی نکھیتا کے امریکہ میں بہیمانہ قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 31 دسمبر کو نکھیتا کو قتل کرنے کے الزام میں اس کے سابق بوائے فرینڈ اور روم میٹ 27 سالہ ارجن شرما کو تلنگانہ پولیس نے آگرہ میں گرفتار کرلیا۔

 

نکھیتا کے قتل کے بعد ارجن شرما امریکہ سے فرار ہوکر بھارت آگیا تھا۔ ملزم کے خلاف لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن میں بھی مقدمہ درج ہے۔ تلنگانہ پولیس نے اس کی تلاش شروع کی اور بالآخر اسے آگرہ میں گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں ملزم کو دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں پیش کیا گیا۔

 

امریکہ کی درخواست پر ارجن شرما کو امریکہ کے حوالے کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔ بھارت اور امریکہ کے درمیان موجود حوالگیِ مجرمین کے معاہدے کے تحت پولیس مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے۔

 

نکھیتا امریکہ کی ریاست میری لینڈ کے ہاورڈ کاؤنٹی میں ڈیٹا اینڈ اسٹریٹیجی اینالسٹ کے طور پر کام کرتی تھی۔ الزام ہے کہ ارجن شرما نے 31 دسمبر کو اپارٹمنٹ میں نکھیتا کو قتل کرنے کے بعد اس کی نعش ایک سوٹ کیس میں رکھ دی تھی۔

 

نکھیتا کی جانب سے گھر فون نہ کرنے پر گھر والوں کو تشویش ہوئی اور انہوں نے اس کے دوستوں سے رابطہ کیا۔ دوستوں نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد قتل کا معاملہ سامنے آیا۔

 

نکھیتا کے گھر والوں نے الزام عائد کیا تھا کہ دونوں کے درمیان مالی لین دین کا تنازعہ قتل کی وجہ بنا۔ ملزم کی گرفتاری کے بعد پولیس تفتیش میں مزید اہم حقائق سامنے آنے کی امید ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button