سی بی ایس ای کا بورڈ امتحانات سے متعلق اہم فیصلہ، نویں اور دسویں میں تیسری زبان کے لئے نئی پالیسی نافذ

سی بی ایس ای کا بورڈ امتحانات سے متعلق اہم فیصلہ، نویں اور دسویں میں تیسری زبان کے لیے نئی پالیسی نافذ
سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے بورڈ امتحانات کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تیسری زبان سے متعلق نئی رہنما ہدایات جاری کی ہیں۔ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ اب نویں اور دسویں جماعت میں تیسری زبان کے لیے الگ تحریری امتحان نہیں ہوگا، بلکہ اس مضمون کا صرف داخلی تشخیص (انٹرنل اسیسمنٹ) کیا جائے گا۔
سی بی ایس ای کے مطابق تعلیمی سال 2026-27 میں نویں جماعت میں داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے تین زبانیں پڑھنا لازمی ہوگا، جن میں کم از کم دو ہندوستانی زبانیں شامل ہوں گی۔ طلبہ کو تیسری زبان کے طور پر کسی غیر ملکی زبان کا انتخاب کرنے کی بھی اجازت دی جائے گی۔
بورڈ نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ اگر کوئی طالب علم دسویں جماعت میں تیسری زبان کے انٹرنل اسیسمنٹ میں کامیاب نہ ہو تو حتمی نتائج جاری ہونے سے پہلے اس کا دوبارہ اسیسمنٹ (ری اسیسمنٹ) کیا جائے گا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ آٹھویں جماعت میں جو تین زبانیں طلبہ نے پڑھی ہوں گی، وہی نویں جماعت میں بھی جاری رہیں گی۔
سی بی ایس ای نے واضح کیا ہے کہ موجودہ دسویں جماعت کے طلبہ پر یہ نئی پالیسی لاگو نہیں ہوگی اور ان کے لیے پرانا نظام ہی برقرار رہے گا۔ تیسری زبان سے متعلق نئی شرط 2027-28 کے دسویں جماعت کے بیچ سے نافذ کی جائے گی۔ اس سلسلے میں این سی ای آر ٹی کی ویب سائٹ پر آر-3 (R3) تعلیمی مواد بھی دستیاب کر دیا گیا ہے۔




