ایجوکیشن

مہاراشٹر میں مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کیلئے 35 اسٹڈی سینٹرز شروع کرنے کا عزم۔سلیم سارنگ نے پربھنی کے اسکول کو ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرکے اپنا وعدہ پورا کیا

پربھنی (نمائندہ خصوصی) مولانا آزاد اقلیتی اقتصادی ترقی کارپوریشن کے ڈائریکٹر اور مسلم ویلفیئر ایسوسی ایشن کے قومی صدر سلیم سارنگ نے پربھنی میں اپنا وعدہ پورا کرکے اس کی مثال پیش کی ہے۔ اور اس خیال کو پاش پاش کردیا کہ سیاسی لیڈران وعدہ کرنا جانتے ہیں وفا نہیں کرتے ہیں۔

 

مہاراشٹر کے پربھنی میں خواتین کے اقتصادی استحکام کے مقصد سے منعقدہ ایک عظیم الشان خواتین بچت گروپ کنونشن کے موقع پر سلیم سارنگ نے تعلیم کے شعبے میں کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے پربھنی کے فیض کیمپس کو ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ 15 اگست کو پربھنی کے فیض کیمپس میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت کے دوران انہوں نے طلبہ کی تعلیمی سہولیات کے لیے اسمارٹ ڈیجیٹل بورڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ بالخصوص یو پی ایس سی، ایم پی ایس سی اور دیگر مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اس اقدام کا بنیادی مقصد تھا۔

 

اپنے پربھنی دورے کے دوران سلیم سارنگ نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے فیض کیمپس کو ایک لاکھ روپے کا چیک حوالے کیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل ثناء اللہ خان، استاد سہیل خان اور اسکول کے دیگر ملازمین موجود تھے۔

 

اس دوران سلیم سارنگ نے آئندہ مہاراشٹر بھر میں یو پی ایس سی اور ایم پی ایس سی کی تیاری کرنے والے طلبہ کے لیے 35 مطالعاتی مراکز (اسٹڈی سینٹرز) شروع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ دیہی اور شہری علاقوں کے باصلاحیت طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے ضروری سہولیات فراہم کرنے کی سمت میں یہ ایک اہم پہل ثابت ہوگی۔

 

انہوں نے کہا، ’’طلبہ کے ہاتھوں میں جدید تعلیمی وسائل اور آنکھوں میں بڑے خواب ہونے چاہئیں۔ معاشی حالات کی وجہ سے کسی بھی باصلاحیت طالب علم کا خواب ادھورا نہیں رہنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے تعلیم کے شعبے میں ہمارا تعاون مسلسل جاری رہے گا۔‘‘

 

تعلیم کے لیے کیے گئے وعدے کو پورا کرنے سے لے کر مہاراشٹر بھر میں 35 مطالعاتی مراکز شروع کرنے کے عزم تک، سلیم سارنگ کی یہ پہل طلبہ کے تعلیمی مستقبل کو بہتر بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button