جرائم و حادثات
محبوب عالم خان کی درخواستِ ضمانت مسترد

حیدرآباد، 14 جولائی۔ شہر حیدرآباد کے معروف ایڈوکیٹ خواجہ معز الدین کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار ملزم نمبر 2 محبوب عالم خان کی درخواستِ ضمانت ساتویں ایڈیشنل میٹروپولیٹن سیشن جج نے مسترد کر دی۔
عدالت نے درخواستِ ضمانت پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھا تھا جو منگل کے روز سناتے ہوئے درخواست کو خارج کر دیا گیا۔
دوسری جانب اسی مقدمے میں قتل کی سازش کے الزام کا سامنا کرنے والے ملزم نمبر 1 مجاہد عالم خان کی درخواستِ ضمانت بھی عدالت میں دائر کر دی گئی ہے۔ عدالت نے اس درخواست پر سماعت کے لیے 17 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے۔
واضح رہے کہ ایڈوکیٹ کے قتل کیس میں محبوب عالم خان اور مجاہد عالم خان اس وقت چنچل گوڑہ جیل میں محروس ہیں۔



