جرائم و حادثات

بیوی سمیت سسرال کے 7 افراد کا قتل۔ بنگلورو میں سنسنی خیز واردات

بنگلورو: ریاست کرناٹک بنگلورو کے راججی نگر علاقے میں ایک انتہائی ہولناک واردات پیش آئی ہے جہاں خاندانی تنازعات کے باعث انتقامی جذبے میں مبتلا ایک ٹیکسی ڈرائیور نے محض ایک ہفتے کے دوران اپنی بیوی سمیت اس کے خاندان کے سات افراد کو بے رحمی سے قتل کردیا۔

 

اس واقعہ سے مقامی علاقے میں شدید سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق یہ واردات بنگلورو کے راججی نگر پولیس اسٹیشن کے حدود میں بھاشیم سرکل کے قریب 59 ویں کراس پر واقع ایک رہائشی علاقے میں پیش آئی۔ پولیس نے ملزم کی شناخت 53 سالہ ٹیکسی ڈرائیور اندوشیکھر کے طور پر کی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ اندوشیکھر کی تقریباً 20 سال قبل سنیتا نامی خاتون سے شادی ہوئی تھی

 

تاہم بیوی کے بار بار اپنے میکے جانے کو لے کر دونوں کے درمیان کچھ عرصے سے جھگڑے چل رہے تھے۔ خاندان کے افراد نے اختلافات دور کرنے کی کوشش بھی کی لیکن میاں بیوی کے درمیان کشیدگی برقرار رہی۔ جھگڑوں کے دوران سنیتا کی والدہ اور بھائی اس کی حمایت کرتے تھے جس پر شیکھر ان سے بھی شدید ناراض ہوگیا تھا۔ اس نے کسی نہ کسی طرح اپنی بیوی کے پورے خاندان کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا۔پولیس کے مطابق اندوشیکھر نے اپنے منصوبے پر عمل کرتے ہوئے

 

سب سے پہلے اپنی بیوی سنیتا کو مصالحہ پیسنے موسل سے حملہ کرکے قتل کردیا۔ اس کے بعد لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر چکبالاپور ضلع کے مشہور سیاحتی مقام نندی ہلز کے قریب پھینک دیا۔ کسی کو شک نہ ہو اس لیے اس نے بیوی کا موبائل فون بند کردیا اور پڑوسیوں کو بتایا کہ سنیتا سیر و تفریح کے لیے گئی ہوئی ہے۔اگلے دن اس نے اپنے بیوی کے بھائیوں شیواکمار اور شنکر کو پارٹی کے بہانے گھر بلایا اور اسی موسل سے حملہ کرکے دونوں کو قتل کردیا۔

 

اس کے بعد اس نے اپنے سالوں کی بیویوں دِویا اور نلنی، ساس روپوتی اور شیواکمار کے سات سالہ بیٹے پونیت کو بھی بے رحمی سے قتل کردیا۔اس طرح ملزم نے اپنی بیوی سنیتا، ساس روپوتی، سالوں شیواکمار اور شنکر، ان کی بیویوں دِویا اور نلنی کے علاوہ سات سالہ بھانجے پونیت سمیت خاندان کے سات افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تمام افراد کو قتل کرنے کے بعد شیکھر نے گھر کی دیواروں اور فرش پر موجود خون کے دھبوں کو مٹانے کے لیے کیمیکل کا استعمال کرتے ہوئے صفائی کی۔دوسری جانب نلنی کا کوئی سراغ نہ ملنے پر اس کی والدہ نے سری رام پورم پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔

 

پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔ گمشدگی سے متعلق تفصیلات، فون پر ہونے والی بات چیت اور ملزم کے مشتبہ رویے کی بنیاد پر پولیس نے دو روز قبل اندوشیکھر کو حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزم نے ساتوں افراد کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والا موسل اور لاشوں کو منتقل کرنے کے لیے استعمال کی گئی کار بھی ضبط کرلی ہے۔

 

ملزم کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر نندی ہلز کے اطراف میں لاشوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ اب تک ایک لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ دیگر چھ لاشوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔پولیس اس پہلو سے بھی تحقیقات کررہی ہے

 

کہ آیا اس ہولناک واردات میں ملزم کے علاوہ خاندان کا کوئی اور فرد بھی ملوث ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button