غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینی ماں زندہ جل کر جاں بحق، تین سالہ بچی جلتے مکان سے زندہ نکال لی گئی

غزہ: اسرائیلی فضائی حملے میں فلسطینی ماں زندہ جل کر جاں بحق، تین سالہ بچی جلتے مکان سے زندہ نکال لی گئی
غزہ سٹی کے علاقے رِمال میں 14 اکتوبر کی علی الصبح تقریباً 4 بجے اسرائیلی فضائی حملے میں 33 سالہ ریم اسعد عوض جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ان کی تقریباً تین سالہ بیٹی مریم احمد غانم کو جلتے ہوئے مکان سے زندہ نکال لیا گیا۔ حملے کے نتیجے میں فلیٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔
صحافی علی الجعفراوی نے آگ اور دھویں کے درمیان سے بچی کو باہر نکالا۔ جنگ کے دوران اس کے والد پہلے ہی جاں بحق ہوچکے تھے، یوں ننھی مریم ماں اور باپ دونوں کے سائے سے محروم ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں بچی کو آگ سے گھرے فلیٹ سے نکالتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں وہ دھویں سے بھرے کمرے میں بستر پر اکیلی بیٹھی نظر آتی ہے، جبکہ دیوار پر آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں۔
ایک اور منظر میں بچی خوف کے عالم میں اپنا ہاتھ منہ پر رکھے ہوئے ہے۔ اس دل دہلا دینے والے واقعے نے غزہ میں جنگ کے دوران شہریوں، خصوصاً معصوم بچوں کی جانوں اور مستقبل کو لاحق خطرات کو ایک بار پھر نمایاں کردیا ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں پر ایک مسجد، زیتون کے درخت اور گاڑی کو آگ لگانے کے الزامات بھی عائد کئے گئے ہیں، جبکہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔



