نیشنل

عامر خان کے بھانجے عمران خان کو 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنے کا نوٹس

ممبئی: بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھانجے اور اداکار عمران خان کو ممبئی پولیس نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ قومی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق، امریکی شہریت رکھنے والے عمران خان کے خلاف یہ کارروائی ممبئی میں کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج میں شرکت کے بعد کی گئی ہے۔

 

بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے عمران خان کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے الزام لگایا کہ انہوں نے احتجاج میں شرکت کرکے اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) اور ویزا سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے غیر ملکی شہری ہونے کے باوجود احتجاج میں حصہ لینے پر عمران خان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے دوران پولیس نے عمران خان کو حراست میں لینے کے بعد رہا کردیا تھا۔

 

عمران خان کو نوٹس جاری کئے جانے پر کریٹ سومیا نے پولیس کی کارروائی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان، جن کے بارے میں انہوں نے پاکستان سے فنڈنگ حاصل کرنے کا دعویٰ کیا،

 

بیرونی طاقتوں کے ساتھ مل کر ہندوستان میں بدامنی پھیلانے کی سازش کررہے ہیں۔ سومیا نے کہا کہ اسی بنیاد پر انہوں نے شکایت درج کروائی تھی اور اب عمران خان کو 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنا ہوگا۔

 

واضح رہے کہ ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج کے دوران عمران خان کے ساتھ اداکارہ جین میری کو بھی پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ دونوں کو پولیس وین کے ذریعہ تھانے منتقل کیا گیا اور چند گھنٹوں بعد رہا کردیا گیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button