انٹر نیشنل

سعودی عرب کے کئی مقامات پر طوفانی بارش _ دو افراد ہلاک _ گزشتہ ہفتہ بارش کے لئے ملک بھر میں ادا کی گئی تھی نماز استسقاء

جدہ _ 25 نومبر ( اردولیکس) سعودی عرب کے کئی مقامات بشمول جدہ سمیت مغربی علاقوں میں جمعرات کو طوفانی بارش کے نتیجہ میں دوافراد ہلاک ہوگئے ہیں۔موسلادھار بارش سے پروازوں میں تاخیر ہوئی اوراسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

 

مکہ مکرمہ کی علاقائی حکومت نے ٹویٹر پراطلاع دی ہے کہ اب تک دو اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں اور ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ جب تک ضروری نہ ہو وہ گھروں سے باہر نہیں نکلیں۔گزشتہ جمعرات کو خادم حرمین شریفین کی ہدایت پر سعودی عرب میں بارش کے لئے نماز استسقا ادا کی گئی تھی۔ایک ہفتے کے اندر ہی مملکت کے کئی مقامات پر شدید بارش سے عوام میں مسرت کی لہر دیکھی گئی ۔

مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں چہارشنبہ کی سہ پہر بارش ہوئی ہے۔ اس دوران عمرہ زائرین خانہ کعبہ کا طواف اور صفا اور مروہ کی سعی کرتے رہے۔ مکہ مکرمہ کے قریوں اور محلوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بارش رکنے کے بعد بھی مکہ میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق بارش سے متعلق حادثات میں 2 افراد ربیع اور خلیص میں ہلاک ہوگئے، کئی گاڑیاں بہ گئیں، سرکاری اطلاعات کے مطابق بارش نے 2009ء کے سیلاب کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔بارش سے خانگی اور سرکاری اسکولوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ یہ تمام علاقے مکہ ریجن میں واقع ہیں۔ سعودی عرب کے محکمہ موسمیات نے شدید بارش کی پیش قیاسی کی جس کے بعد اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مملکت کی دو اہم جامعات کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف جدہ کو بھی تعطیل دے دی گئی۔ پہلے سمسٹر کے امتحانات بھی ملتوی کر دیئے گئے۔ سعودی سیول ڈیفنس نے موسم کے تعلق سے ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہلکی سے بہت تیز بارش ہو سکتی ہے اور تیز ہوائیں آ سکتی ہیں۔ سیول ڈیفنس نے شہریوں سے کہا کہ وہ حفاظت سے متعلق ضروری رہنما ہدایات پر عمل کرے۔ موسم کی وجہ سے کئی پرواز میں تاخیر سے چلیں۔ جدہ ایر پورٹ کی سرکاری ویب سائیٹ پر بتایا گیا کہ گلف ایر ترکش امیرلائنس اور سعودیہ کی کئی پروازیں کئی گھنٹے دیر سے چل رہی ہیں۔ جدہ آنے والی ایک فلائیٹ کو موڑ دیاگیا۔ شہر جدہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جس کے بعد سڑکوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق جدہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی ہے، شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ایمر جنسی الرٹ بھی جاری کر دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق نجران ، جازان، عمیر اور الباحہ کے علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ، مکہ کے کچھ حصوں اور جدہ، اللیث اور قند ہ سمیت ساحلی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت دیگر شہروں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ پانی جمع ہونے کے باعث مکہ ۔ جدہ ہائے وے کو

 

عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں زائرین اور عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ جدہ ائیر پورٹ پرانے سے قبل متعلقہ ائیر لائن سے فلائٹ کا اسٹیٹس معلوم کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button