حیدرآباد میں اتوار کو کانگریس اقلیتی قائدین کی جانب سے وقف ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی دھرنا – عوام سے شرکت کی سراج الدین منصور کی اپیل

جگتیال: جگتیال ضلع کانگریس اقلیتی سیل کے صدر اور سابق وائس چیئرمین جگتیال بلدیہ، سراج الدین منصور نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ وقف ترمیمی بل کے خلاف 13 اپریل بروز اتوار کو دوپہر ڈیڑھ بجے حیدرآباد کے ٹینک بندھ پر منظم کئے جانے والے احتجاجی دھرنے میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج ٹمریز کے نائب صدر فہیم قریشی کی اپیل پر منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد حالیہ وقف (ترمیمی) بل کے خلاف ملک بھر میں اقلیتوں میں پائی جانے والی بے چینی اور ناراضگی کو اجاگر کرنا ہے۔
سراج الدین منصور نے بتایا کہ یہ قانون نہ صرف مسلمانوں کی مذہبی و اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کو خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ اقلیتوں کے بنیادی حقوق پر بھی زد ڈال رہا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے ہر گاؤں، قصبہ اور شہر سے نوجوانوں اور ذمہ دار شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اس پُرامن احتجاج میں شریک ہو کر اپنی یکجہتی اور بیداری کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور وقف جائیدادوں کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ قانون واپس نہ لیا گیا تو ریاست بھر میں احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔